ضلع نظام آباد میں ہڑتال مجموعی طور پر کامیاب

نظام آباد:2 ؍ ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)مرکزی ٹریڈ یونین کی جانب سے لیبر قوانین میں تبدیلیوں کیخلاف بطور احتجاج ایک روزہ ملک گیر ہڑتال کی اپیل پر آج ضلع میں ہڑتال کامیاب رہی۔ ہڑتال کی وجہ سے مکمل بس سرویس ٹھپ رہی۔ بینک ، اسکول کالجس، صنعتیں مکمل طور پر بند رہے۔ ہڑتال کی وجہ سے مسافروں کو زبردست تکالیف کا سامنا کرنا پڑا۔ ضلع میں ٹریڈ یونین سے وابستہ قائدین نے ہڑتال میں حصہ لیتے ہوئے قواعد میں نرمی برتنے اور تبدیلی نہ کرنے کا مطالبہ کیااور وزیر آعظم نریندر مودی کے علامتی پتلہ کو نذرآتش کیا ۔ تفصیلات کے بموجب بی جے پی حکومت کی جانب سے لیبر قوانین میں تبدیلی کے فیصلے کیخلاف مرکزی ٹریڈ یونینوں نے آج ملک گیر ایک روزہ ہڑتال کا اعلان کی اپیل کی تھی ۔ اپیل کے تحت آج ضلع میں بائیں بازوں جماعتوں سے وابستہ ٹریڈ یونین سی آئی ٹی یو، اے آئی ٹی یو، اے آئی ٹی یو سی ، ٹی آرایس لیبر سیل کے علاوہ دیگر تنظیموں سے وابستہ قائدین نے ریالیاں نکالی اور بس اسٹانڈ کے روبرو دھرنا دیا اور ایک بھی بس کو باہر جانے نہیں دیا۔ ضلع کے 6 ڈپوز میں تقریباً 650 زائد بسیں ڈپو تک ہی محدود رہ گئی۔ سی آئی ٹی یو اور دیگر تنظیموں کے قائدین نے آج راجیو گاندھی آڈیٹیوریم سے ایک ریالی نکالی یہ ریالی بس اسٹانڈ ، گاندھی چوک سے ہوتے ہوئے کلکٹریٹ پر دھرنا دیااور چند یونینوں نے علیحدہ طور پر ریالی نکالتے ہوئے کلکٹریٹ میدان میں جمع ہوکر احتجاجی مظاہرہ کیااور قوانین کی ترمیم سے دستبرداری اختیار کرنے کا مطالبہ کیا۔ سی ایف ٹی وینا مالاکرشنا کی قیادت میںاحتجاجیوں نے ریالی نکال کر بس اسٹانڈ کے روبرو دھرنا دیااور وزیر اعظم نریندر مودی کے علامتی پتلہ کو نذرآتش کیا۔ بائیں بازوں کے قائدین ایس رما، دنڈی وینکٹ، سدی راملو، کے بھومنا، ٹی آرایس لیبر سیل کے سکریٹری وجئے لکشمی و دیگر نے مرکزی حکومت کی لیبر پالیسی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لیبر شعبہ سے وابستہ ملازمین و موجودہ قوانین کے علاوہ نئے قوانین کے نافذ سے نقصانات کا سامنا کرنا پڑیگا۔ مرکزی حکومت پبلک سیکٹر یونٹ کو خانگی شعبہ میں چلانے کے فیصلہ کی سخت مخالفت کی ہے۔ آج ضلع میں نہ صرف بند کی وجہ سے عوام کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بند کی وجہ سے ٹرینوں میں عوام کا زبردست ہجوم تھا۔ ہڑتال کے موقع پر پولیس کی جانب سے بھاری بندوبست کیا گیا۔ وقفہ وقفہ سے طلایہ گردی کی جارہی تھی۔ ضلع میں مجموعی طور پرہڑتال کامیاب رہی۔