ضلع نظام آباد میں کانگریس رتھ یاترا کی آمد

کاماریڈی :10؍جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدر کل ہند کانگریس شریمتی سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کرنے کے لئے رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤکی رتھ یاترا 11جنوری سے ضلع نظام آباد کا دورہ کررہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار صدر ضلع کانگریس مسٹر طاہر بن حمدان نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ گذشتہ کئی سالوں سے علیحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کیلئے مسلسل تحریک چلائی جارہی تھی ۔ تلنگانہ کی عوام کے جذبات اور احساسات کو محسوس کرتے ہوئے شریمتی سونیا گاندھی نے علیحدہ ریاست کا قیام عمل میں لاتے ہوئے اعلان کیا ہے اور ان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے تلنگانہ کی عوام کو اس بارے میں واقف کروانے کی غرض سے راجیہ سبھا کے رکن و سابق صدر پردیش کانگریس مسٹر ہنمنت راؤ نے تلنگانہ کے 10اضلاع میں رتھ یاترا نکال رہے ہیں یہ رتھ یاترا 11؍جنوری کے روز کاماریڈی حلقہ میں داخل ہورہی ہے

اس روز کاماریڈی حلقہ کے بسواپور میں رتھ یاترا پہنچنے پر ان کا زبردست خیر مقدم کیا جائے گا اور بھکنور منڈل میں شام جلسہ عام کا انعقاد عمل میں لایاجارہا ہے جس میں سابق ریاستی وزیر محمد علی شبیر بھی شرکت کریں گے اور اسی روز کاماریڈی میں نظام ساگر چوراستہ پر رتھ یاترا کے جلسہ سے مخاطب کریں گے اور رات شب بسری کرنے کے بعد 12؍جنوری کے روز تاڑوائی ، گاندھاری ، سداشیو نگر منڈلوں سے ہوتے ہوئے نظام آباد رورل منڈل اندلوائی اور 13, 14؍جنوری کے روز بالکنڈہ ، نظام آباد حلقوں کا دورہ کرے گی۔ لہٰذا بڑے پیمانے پر ان جلسوں میں شرکت کرتے ہوئے جلسوں کو کامیاب بنانے کی محبان تلنگانہ سے اپیل کی ۔ اس موقع پر سابق صدر ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو سنٹرل بنک اے راجی ریڈی ، ڈسٹرکٹ ضلع کانگریس کے نائب صدر این موہن ریڈی ، کانگریس قائدین ، سرینواس ریڈی ، آکولہ سرینواس ، این ایس یو کے ضلع صدر دھن راج اور دیگر بھی موجود تھے۔