کہیں خوشی کہیں غم کا منظر
نظام آباد:9؍ مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)موسم میں ہوئی اچانک تبدیلی کی وجہ سے عوام کو راحت تو حاصل ہوئی لیکن کسانوں کو اس کا زبردست نقصان ہوا ہے ۔ کل شام غیر موسمی بارش ، موسم کی تبدیلی اور ضلع میں ہوئی بارش کی وجہ عوام کو تو راحت ہوئی وہیں پر کسانوں کو زبردست نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔ ضلع نظام آباد میں ہزاروں ایکر فصلوں کو نقصان پہنچا۔ بارش کا اثر شہر نظام آباد کے علاوہ ضلع کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی بارش کی وجہ سے موسم میں تبدیلی آئی ہے عوام کو دھوپ کی شدت سے چھٹکارہ حاصل ہوا جبکہ ضلع نظام آباد کے 36 منڈلوں پر اس کا اثر ہوا ہے نظام آباد منڈل کے کئی دیہاتوں اور درپلی منڈل کے گویند پلی ، نلاویلی ، سیتائی پیٹ، دامنا پیٹ میں کھڑی فصل کو زبردست نقصان ہوا ہے نوی پیٹ منڈل کے کئی دیہاتوں میں کھڑی فصل کو نقصان ہوا ہے۔ رنجل منڈل کے کئی دیہاتوں میں مکئی ، دھان ،شکر اور ترکاری کی فصل کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔ ربیع کے سیزن کے سیزن میں دھان کی کٹوائی سے قبل اچانک بارش ہونے کی وجہ سے کھڑی فصل کو نقصان ہو ا اور دھان بھیک کر نقصان ہوا ہے ۔ دومکنڈہ منڈل کے بی بی پیٹ ، جنگم ، سیتارام پلی ، اوپر پلی ، عیسیٰ نگر، شیر بی پیٹ کے علاوہ دیگر دیہاتوں میں تقریباً500 ایکر فصل کو نقصان ہوا ہے ماچہ ریڈی منڈل کے بنجر پلی ، سوما رام پیٹ، اکا پیٹ اور دیگر دیہاتوں میں 500 سے زائد ایکر دھان کی فصل نقصان ہوئی ہے ۔ بارش کی وجہ سے نہ صرف فصلوں کو بلکہ مارکٹ یارڈ میں فروختگی کیلئے لایا ہوا اناج کو بھی نقصان ہوا ہے ۔ نظام آباد گنج میں فروخت کیلئے لایا ہوا دھان کو نقصان ہونے کی وجہ سے کسان بے حد پریشان ہورہے ہیں اور نقصاندہ فصل کی خریدی سے تاجر انکار کرنے کے امکانات ظاہر کررہے ہیں جس کی وجہ سے بھیگی ہوئے اناج کو مارک فائیڈ کے ذریعہ خریدنے کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ نظام آباد کے علاوہ کاماریڈی اور دیگر علاقہ میں بھی فروخت کیلئے رکھا ہوا اناج بھیک کر نقصان ہوا ہے ۔ مارکٹ یارڈو میں دھان کے محفوظ کیلئے کوئی خاص انتظامات نہ ہونے کے علاوہ ٹاٹ پتریاں بھی مارکٹ کمیٹی کی جانب سے فراہم نہ کئے جانے پر بھی کسانوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا جارہا ہے گذشتہ دو دن مارکٹ یارڈ میں بارش کی وجہ سے فروختگی نہیں ہورہی ہے جس سے کسانوں کو نقصانات میں اضافہ کے امکانات ظاہر ہورہے ہیں۔ غیر موسمی بارش کی وجہ سے آم کی فصل کو بھی زبردست نقصان ہوا ہے کئی مقامات پر آم کے درخت سے پھل گر گئے ہیں آم کے باغات پر بھی بارش کا اثر ہوا ہے ۔ فصلوں کے نقصان کا فوری جائزہ لیتے ہوئے کسانوں کی باز آبادکاری کا کسانوں کی جانب سے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا جارہا ہے ۔