میدک۔/8 اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر میدک مسٹر اے شرت نے ضلع کے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 19اگسٹ کو منعقد شدنی گھر گھر سروے پروگرام کو کامیابی کے ساتھ ہمکنار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے نفوس کی تعداد اور خاندانی صورتحال کی جانکاری کیلئے اس پروگرام کو مرتب کیا جارہا ہے۔ حکومت ریاست میں آغاز کی جانے والی فلاحی اسکیمات اس سروے کے مطابق عمل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ارکان خاندان کی تعداد مذہب، راشن کارڈز، طبقہ، بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات اور آدھار کارڈ کے علاوہ دیگر تفصیلات حاصل کی جائیں گی۔ ضلع کلکٹر میدک مسٹر شرت آر اینڈ بی گیسٹ ہاوز ریاستی وزیر پدما راؤ کی میدک آمد پر انتظامات کیلئے میدک آمد پر گھر گھر سروے پروگرام سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ اس دن خاندان کا سرپرست گھر پر رہنا لازم ہوگا۔ انہیں دستخط بھی کرنا ہوگا۔ ضلع کلکٹر نے واضح کیا کہ 19اگسٹ کو ضلع میں بس سرویس بھی بند کردیئے جائیں گے اور حکومت نے عام تعطیل کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر آر ڈی او میدک محترمہ ایم ونجا دیوی، تحصیلدار وجئے لکشمی بھی موجود تھے۔ انہوں نے برقی مسئلہ سے متعلق کہا کہ کسان کسی بھی قسم کا احتجاج نہ کریں۔ عنقریب اس کا حل نکالے جانے اور زرعی مقاصد کیلئے 7گھنٹے برقی سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا۔ مسٹر شرت نے کہا کہ ضلع میں بوگس راشن کارڈس کا پتہ چلانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ تاحال ضلع بھر میں 45 ہزار راشن کارڈز رضاکارانہ طور پر واپس ہوچکے ہیں۔ مسٹر شرت نے کہا کہ 15اگسٹ یوم آزادی کے موقع پر ضلع کے تمام اسمبلی حلقوں میں مستحقین میں زرعی مقاصد کیلئے اراضیات کی تقسیم سے متعلق سرٹیفکیٹس کی اجرائی عمل میں لائی جارہی ہے۔