ضلع میدک کے ٹاونس کو خوبصورت بنانے کا منصوبہ

سنگاریڈی /3 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹر میدک شریمتی سمیتا سبھروال نے جدید کلکٹریٹ سنگاریڈی میں اربن ڈے کے موقع پر منعقدہ ضلعی کمشنرس بلدیات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میدک کے تمام بلدیات حدود میں سال 2010 تا 2013 تک منظور شدہ زیر التواء کاموں کو جاریہ ماہ کے اواخر تک مکمل کرلینے بلدیہ کمشنرس کو ہدایت دی اور سال 2013-14 میں منظور شدہ ترقیاتی کاموں کو ماہ اپریل کے اواخر تک مکمل کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے سال 2010 تا 2013 کے منظور شدہ کاموں کی ماہ جنوری کے اواخر تک عدم تکمیل پر عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا اور کہا کہ ضلع میدک کے تمام بلدیات میں ڈمپ یارڈ کی تعمیر کیلئے حکومتی اراضی کی فراہمی کیلئے متعلقہ آر ڈی اوز اور تحصیلداروں کو احکامات جاری کئے گئے ہیں اور جن بلدیات میں ڈپمپ یارڈ نہیں ہیں وہاں کے کمشنروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 15 جنوری تک حکومتی اراضی کی نشاندہی کرتے ہوئے تخمینہ رپورٹ تیار کرتے ہوئے حکومت کو روانہ کریں ۔

ضلع کلکٹر سمیتا سبھروال نے اس خصوص میں تساہلی برتنے والے کمشنروں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ۔ انہوں نے بلدیہ کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ روزانہ ٹاونس کے وارڈوں کا دورہ کرتے ہوئے اہم سڑکوں پر موجود دواخانوں ، اسکولس ، پینے کے پانی کے نلوں کے قریب صاف صفائی کا خصوصی خیال رکھیں تاکہ عوام کسی بھی قسم کے امراض سے محفوظ رہ سکیں ۔ ضلع کلکٹر نے کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ صاف صفائی سے متعلق بنیادی سطح پر جائزہ لیتے ہوئے ٹاونس کو خوبصورت بنانے کی کوشش کریں ۔ اس اجلاس میں پراجکٹ ڈائرکٹر ایم پورنا چندر ، ڈی آر ڈی اے پراجکٹ ڈائرکٹر راجیشور ریڈی ، ضلع میدک کے بلدی کمشنرس ، ہیلت سی آر پیز اور ٹی ایل ایف موجود تھے ۔