ضلع میدک کی ترقی کیلئے 16 کروڑ کی منظوری

گجویل 20 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) 13 ویں فینانس کمیشن کے تحت ضلع میدک کے دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے حکومت کی جانب سے 16 کروڑ روپیوں کی منظوری عمل میں آئی ۔ اس بات کا انکشاف ( ڈی پی او ) ضلع پنچایت آفیسر مسٹر پربھاکر ریڈی نے مستقر کی منڈل پرجا پریشد دفتر میں دیہی پنچایت سکریٹریز کے اشتراک سے منعقد کئے گئے ۔ اجلاس میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کیا ۔ بعد ازاں مسٹر پربھاکر ریڈی نے مقامی اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کی جانب سے منظور کی گئی رقمی کو ضلع کے دیہی علاقوں میں صاف صفائی کے کاموں کو خرچ کرنے کو ترجیح دی جائے گی ۔ تاکہ آنے والے موسم کے پیش نطر وبائی امراض کا تدارک ہوسکے ۔ مسٹر پربھاکر ریڈی نے کہا کہ ضلع کے عوام کو محفوظ اور صاف و شفاف پینے کے پانی کی سربراہی کرنے کے اقدامات زور و شور سے جاری ہیں ۔ انہوں نے وہاں موجود عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے دیہاتوں میں ترقی کیلئے منظور کی گئی رقم سے 15 فیصد کی لاگت سے دوردراز کے دیہی علاقوں میں برقی کی سہولت فراہم کرنے کے لئے مقامی سرپنچوں کی مدد سے خرچ کرنے کے علاوہ ناخواندہ افرادوں کو حکومت کی جانب سے نکالی جانے والی سبسیڈی سے مربوط اسکیموں سے آگاہی کریں جس سے دیہی عوام میں خطہ غڑبت کا خاتمہ ہونے کے علاوہ عوام حکومت کی جانب سے نکالی گئی فلاحی اسکیمات سے فائدہ اٹھاسکے اور زندگی کے ہر شعبہ حیات میں عام آدمی کے برابر زندگی گذارسکیں ۔ ضلع پنچایت آفیسر مسٹر پربھاکر ریڈی نے بتایا کہ ضلع کے دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے بہت جلد ضلع بھر کے دیہی علاقوں میں 182 پنچایت سکریٹریز کی تقرری عمل میں لائی جائے گی ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مقامی منڈل ڈیولپمنٹ آفیسر آئی کے پی آفیسر مہاتما گاندھی ضامن روزگار کا عملہ کے علاوہ پنچایت سکریٹریز اور دیگر پنچایت عملہ موجود تھا ۔