ضلع میدک میں 270 جائیدادوں کیلئے 60 ہزار امیدوار

:: وی آر اوز ، وی آر ایز امتحانات ::
سنگاریڈی /29 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع میدک میں وی آر او ، وی آر اے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے تحریری امتحانات 2 فروری کو منعقد کئے جارہے ہیں ۔ امتحانات کے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار ضلع کلکٹر میدک سمیتا سبھروال نے جدید کلکٹریٹ میٹنگ ہال سنگاریڈی میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 2 فروری کو صبح 10 تا 12 بجے تک وی آر او اور 3 بجے تا 5 بجے تک وی آ راے امتحانات منعقد ہوں گے ۔ ضلع میں 98 وی آر او اور 172 وی آر اے مخلوعہ جائیدادوں کیلئے 154 امتحانی مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ جبکہ وی آر او امتحانات کیلئے 57820 امیدوار اور وی آر اے کیلئے 2643 امیدواروں نے درخواستیں داخل کی ہیں ۔ ضلع میدک میں 6 مقامات پر امتحانی مراکز سنگاریڈی ، پٹن چیرو ،رامچندراپورم ، میدک ، سدی پیٹ اور نرساپور میں قائم کئے گئے ہیں ۔ ضلع میں 154 امتحانی مراکز کیلئے 43 روٹس میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ ڈسٹرکٹ ریونیو آفیسر ، 3 آر ڈی اوز 154 چیف سپرنٹنڈنٹس ، اڈیشنل خصوصی سپرنٹنڈنٹس 200، آبزرورس 43 ، فلائنگ اسکواڈس 43 ، سیٹنگ اسکواڈس 154 نگرانکار 2699 ، معائنہ کار 308 کے منجملہ 4 ہزار عہدیداروں کو امتحانات مراکز میں تعینات کیا گیا ہے ۔

ضلع کلکٹر نے تمام امیدواروں سے اپیل کی ہے کہ وہ بپابندی وقت امتحانی مراکز پہونچیں ۔ ایک منٹ کی بھی تاخیر ہوجانے پر داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ امتحانی مراکز میں سیل فون ، کیلکولیٹر اور ربر لانا منع ہے ۔ بلو اور بلاک بال پوائنٹ پین استعمال کرسکتے ہیں جبکہ جل پین ، انک پین اور پنسل منع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امتحان ہال میں امیدوار سے اٹنڈنس شیٹ پر امیدوار سے دستخط کے علاوہ انگوٹھے کا نشان بھی لیا جائے گا ۔ امیدوار ایک گھنٹہ قبل امتحان مرکز پر پہونچ جائیں ۔ ایس پی ضلع میدک وجئے کمار نے کہا کہ وی آر او اور وی آر اے تحریری امتحانات کے مراکز پر پولیس کی جانب سے سخت صیانتی بندوبست کیا جارہا ہے ۔ ایک ہیڈ کانسٹیبل ایک کانسٹیبل اور ایک خاتون کانسٹیبل کو متعین کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نقل نویسی کی روک تھام کیلئے ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ کسی بھی امتحانی مرکز پر نقل نویسی کی شکایات ہو تو ضروری کارروائی کی جائے گی ۔ پولیس پٹرولنگ بھی کی جائے گی ۔ ڈاکٹر اے شرتھ ضلع جوائنٹ کلکٹر نے کہا کہ امتحانی مراکز کا جائزہ لیتے ہوئے تمام تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امیدوار ایک گھنٹہ قبل امتحانی مراکز پہونچنے کی سعی کریں ۔ وینکٹیشور راؤ آر ایم آر ٹی سی ضلع میدک نے کہا کہ 2 فروری کو جہاں پر امتحان منعقد ہوں گے اس مقام کیلئے صبح 5 بجے سے آر ٹی سی اضافی بسیں چلائیں گی ۔

عام انتخابات کی تیاریوں پر جائزہ اجلاس
نظام آباد:29؍ جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اسمبلی اور پارلیمنٹ انتخابات کے بارے میں ابھی سے سرگرمیوں کا آغازہوچکا ہے ریاستی الیکشن کمیشن نے ضلع کلکٹر اور ایس پی کو ضلع کی مکمل رپورٹ پیش کرنے کیلئے ہدایت دی ہے ، چنانچہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے کل ریونیو اور محکمہ پولیس عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیتے ہوئے کل رات رپورٹ تیار کرنے کے بعد رپورٹ پیش کرنے کی اطلاع ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اسمبلی اور پارلیمنٹ کے انتخابات کے انعقاد پر الیکشن کمیشن اضلاع کی رپورٹ طلب کرنے پر ضلع انتظامیہ نے ریونیو و پولیس عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا ہے الیکشن کمیشن کی جانب سے فہرست رائے دہندگان میں ناموں کے اندراج کے مرحلہ کے بعد ووٹر شناختی کارڈ کی تقسیم، پولنگ مراکز کا قیام کے بارے میں جائزہ لیتے ہوئے مراکز قائم کرنے کی ہدایت دی ہے نظام آباد، کاماریڈی اور بودھن ریونیو ڈویژن میں پولنگ مراکز کے قیام کے بارے میں گذشتہ دو دنوں سے آرڈی او کی جانب سے جائزہ لیا جارہا ہے اور حساس مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے یہاں پر پرُامن پولنگ کے انعقاد کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں غور کیا جارہا ہے۔ جدید فہرست کے مطابق پولنگ مراکز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور 75 تا 78 حساس مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے ڈویژن سطح پر جائزہ لیتے ہوئے ایک دو دن میں الیکشن کمیشن کو رپورٹ پیش کرنے کے امکانات ہیں ۔