سنگاریڈی /10 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع میدک میں 12 تا 19 جون اسپیشل ’’ سانیٹیشن ڈرائیو ‘‘ پروگرام کے تحت صاف صفائی کے کام انجام دئے جائیں گے ۔ منڈل اور ریونیو ڈیویژنل عہدیداروں کو اس خصوص میں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے کامیاب بنانے کی سعی کریں ۔ ڈاکٹر اے شرتھ انچارج کلکٹر ضلع میدک نے کہا کہ ضلع میں پینے کے پانی کے پائپ لائین سے کسی بھی مقام پر پانی کا اخراج ہو رہا ہو تو فوری پائپ لائین کو درست کردیا جائے تاکہ غیر ضروری طور پر پانی کا اخراج بند ہوسکے جبکہ دیہی سطح پر صاف صفائی خصوصی توجہ دی جائے ۔ موسم گرما کے تعطیلات کے بعد دوبارہ اسکولس کی کشادگی عمل میں آرہی ہے ۔ چنانچہ ترک تعلیم کرنے والے بچوں کو دوبارہ اسکولس میں شریک کرواتے ہوئے انہیں زیور تعلیم سے آراستہ کریں تاکہ وہ ملک کے ذمہ دار شہری بن سکیں اور ان ترک تعلیم کئے ہوئے بچوں کے والدین کو تعلیم کی اہمیت و افادیت سے واقف کروائیں اور انہیں اپنے بچوں کو اسکولس روانہ کرنے کا پابند بنانے کی سعی کریں ۔ ڈاکٹر شرتھ انچارج کلکٹر نے کہا کہ ضلع میں کسانوں کو آسانی سے تخم و یوریا کی سربراہی عمل میں لائی جائے ۔ اس سال ایک کروڑ پودوں کی شجرکاری تین مراحل ماہ جون ، جولائی اور اگست میں کی جائے گی ۔ شجرکاری سے متعلق ضلع سطح کے عہدیداروں کو ہدایت دی جارہی ہے کہ وہ پودوں کی شجرکاری میں خصوصی دلچسپی لیں تاکہ شجرکاری سے فضائی آلودگی کا خاتمہ ہوسکے اور عوام الناس کو سرسبز و شادات ماحول و تازہ ہوا میسر ہوسکے ۔ اس موقع پر مورتی اڈیشنل جوائنٹ کلکٹر ، راجیشور ریڈی پراجکٹ ڈائرکٹر ڈی آر ڈی ، رویندر پراجکٹ ڈائرکٹر ڈوموا موجود تھے ۔ ڈاکٹر اے شرتھ انچارج کلکٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ پرجا وانی پروگرام میں بپابندی وقت شرکت کرتے ہوئے عوامی مسائل کی یکسوئی کریں ورنہ کارروائی کی جائے گی ۔