سنگاریڈی /24 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ حکومت نے مسلم لڑکیوں کی شادیوں کیلئے 51 ہزار روپئے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ اس اسکیم کا نام ’’ شادی مبارک ‘ اسکیم رکھاگیا ہے ۔ مذکورہ اسکیم کے تحت دلہن کے بینک اکاونٹ میں راست رقم جمع کروائی جائے گی ۔ ضلع میدک میں شادی مبارک اسکیم کی کامیابی کیلئے فوری اقدامات ضروری ہیں ۔ ضلع مستقر سنگاریڈی کے محکمہ اقلیتی بہبود کے ضلعی عہدیدار تین ماہ سا نہ ہونے کی وجہ سے اقلیتی بہبود کے کام ٹھپ ہوچکے ہیں ۔ کرن کمار میناریٹی ویلفیر آفیسر کے تبادلے کے بعد ابھی تک کسی بھی عہدیدار کو متعین نہیں کیا گیا ہے ۔ اڈیشنل جوائنٹ کلکٹر مورتی کی نگرانی میں کام انجام دئے جارہے ہیں ۔ جبکہ کسی بھی محکمہ کی کارکردگی اس کے ضلع سطح کے عہدیداروں کی راست نگرانی میں انجام دئے جائیں تو کامیابی ہو سکتی ہے ۔ فی الحال محکمہ اقلیتی بہبود ضلع میدک کے کام انتہائی سست روی سے چل رہی ہے ۔ اڈیشنل جوائنٹ کلکٹر کی جانب سے محکمہ اقلیتی بہبود کی کارکردگی پر جائزہ لینے کی ضرورت ہے تاکہ حکومت تلنگانہ کی ’’ شادی مبارک ‘‘ اسکیم کی کامیابی اور پوسٹ میٹرک اسکالکرشپس و فیس ری امبرسمنٹ کی اجرائی کیلئے فوری اقدامات کئے جاسکیں ۔ پری میٹرک اسکالرشپس میناریٹی فینانس کارپوریشن کی جانب سے جاری کئے جارہے ہیں جبکہ اگزیکیٹیو ڈائرکٹر محکمہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن ضلع میدک ایم اے رشید کا تبادلہ ہوکر تین ماہ سے زائد عرصہ گذر چکا ہے ۔ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن محکمہ کی زائد ذمہ داری ایس سی کارپوریشن ای ڈی نبھا رہے ہیں جبکہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی جانب سے قرضوں کی اجرائی میں مسائل پیدا ہو رہے ہیں اور کافی تاخیر ہو رہی ہے ۔ چونکہ گذشتہ چار ماہ قبل ہی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن ضلع میدک کو قرض جاری کرنے بجٹ مختص کرنے انہیں سبسیڈی جاری کرنے کی ہدایت دی گئی تھی لیکن مسلسل انتخابات کی وجہ سے قرض اجرائی کے کاموں کو روک دیا گیا ۔ فوری طور پر قرض سبسیڈی رقم اجرائی عمل میں لائی جائے۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے ایک ہزار کروڑ کا بجٹ کا اعلان ہوچکا ہے ۔ چنانچہ غیر مشروط آسان طرز پر قرض اجرائی کے اقدامات کئے جائیں ۔