سنگاریڈی۔/3جون ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میدک میں گرمی کی شدت سے عوام پریشان حال ہیں ، کئی تالاب خشک ہوچکے ہیں، پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ ضلع میدک میں تقریباً 44 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ گرمی کی شدت کو دیکھتے ہوئے عوام اپنے کاموں کو ترک کرکے گھر پر ہی رہنا پسند کررہے ہیں، لو لگنے سے کئی افراد فوت ہونے کی اطلاعات مل رہی ہیں۔ ماہ مئی کے آغاز کے ساتھ ہی گرمی کی لہر میں شدت اور سورج کی شعاعوں کی تپش ناقابل برداشت ہورہی ہے اور ماہ جون کا آغاز بھی ہوچکا ہے تاحال گرمی کی شدت میں کوئی کمی نہیں ہوئی ہے۔ بیمار افراد گرمی سے بے حال ہورہے ہیں۔ کئی غریب افراد کے پاس فیان بھی نہیں ہے وہ بڑی مشکلوں سے اپنے افراد خاندان کے ساتھ گرمی کی شدت کے خاتمہ کیلئے دعاء کررہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مانسون کی آمد آہستہ آہستہ بتائی جارہی ہے۔ بارش اگر وقت پر ہو تو عوام کیلئے راحت ہوگی ورنہ خشک سالی جیسے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں اور اناج کی قیمتوں میں اضافہ کے امکانات ہوسکتے ہیں۔
کوہیر میں کانگریس قائدین کی
جانب سے یوم تاسیس تقاریب
کوہیر۔/3جون،( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کوہیر منڈل کانگریس پارٹی کی جانب سے منڈل مستقر میں یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر مسٹر اروند ریڈی صدر نشین پارٹی نے کیک کاٹتے ہوئے پرچم کشائی انجام دی۔ اس موقع پر محمد شمشیر علی کانگریس پارٹی کوہیر ٹاؤن صدر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ کا قیام صرف اور صرف سونیا گاندھی کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے سونیا گاندھی کے نام کو اسکولوں میں پڑھائی جانے والی کتابوں میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر دیگر نے بھی مخاطب کیا۔ کوہیر ڈپٹی سرپنچ محمد عبدالستار، محمد عبدالقیوم، عبدالرشید، محمد آصف فردوس، ملک ارجن پٹیل، سرینواس ریڈی، محمد ارشد علی، سید ریاض الدین، رام داس دیگوال سرپنچ، مرتضیٰ پٹیل، سرینواس گوڑ، عبدالغنی وارڈ ممبر محمد محسن کے علاوہ کانگریس پارٹی قائدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر کوہیر منڈل مستقر میں دوبورویلس کی کھدائی کے کاموں کا آغاز کیا گیا۔