ضلع میدک میں عیدگاہوں و مساجد کیلئے منظورہ رقم کی تاحال عدم اجرائی

سنگاریڈی ۔30جولائی( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت نے ماہ رمضان المبارک میں عیدگاہوں اور مساجد کی آہک پاشی و مرمتی کاموں کیلئے 50لاکھ روپئے جاری کئے لیکن ماہ رمضان المبارک اختتام پذیر ہوچکا ہے لیکن تاحال رقم جاری نہیں کی گئی ۔ ریاستی وقف بورڈ نے ضلع میدک اقلیتی بہبود آفس سے ماہ رمضان میں اس خصوص میں کوئی ربط پیدا نہیں کیا اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے بھی کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ ضلع کلکٹر کو رقم کی اجرائی کا جی او جاری ہونے کے باوجود بھی سنگاریڈی ‘ میدک اور سدی پیٹ ریونیو ڈیویژنوں کے آر ڈی اوز سے اس خصوص میں کسی قسم کا ربط پیدا نہیں کیا گیا ۔ چیف منسٹر کے آبائی ضلع میں اقلیتی بہبود محکمہ میں فوری اقلیتی بہبود آفیسر اور محکمہ اقلیتی بہبود میں مزید تین اور عہدیداروں کی سخت ضرورت ہے ۔ فی الحال انچارج میناریٹی ویلفیر آفیسر کے فرائض اڈیشنل جوائنٹ کلکٹر انجام دے رہے ہیں جبکہ اقلیتی مالیتی کارپوریشن کے انچارج ایس سی کارپوریشن ای ڈی کو مقرر کیا گیاہے ۔