5 ہزار سے زائد تالاب لبریز، عام زندگی مفلوج، مہلوکین کو فی کس 4 لاکھ روپئے ایکس گریشیاء
سنگاریڈی 23؍ستمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میدک میں گذشتہ تین دنوں سے شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے ایک جانب آبی ذخائر میں پانی جمع ہو رہا ہے تو دوسری جانب بڑے پیمانے پر تباہ کاریاں بھی ہو ئی ہیں ضلع میدک میں بارش کی وجہ سے 4 افراد ہلا ک اور 6 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ 8 تا لا بوں کے بشتوں میں شگا ف پڑ نے ‘ 5 سڑکیں بہہ جانے ‘ 100 مکانات کو نقصان پہنچنے کے علاوہ ضلع میدک کے مختلف مقامات کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاعات مو صول ہوئی ہیں ضلع میدک میں مجموعی طور پر 7726 تا لاب ہیں جن کے منجملہ 5136 تالاب لبریز ہو چکے ہیں حالیہ بارش کی وجہ سے دو نوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ سنگاریڈی اور دیگر مقامات کو پینے کا پانی سربراہ کرنے والے ذخائر آب سنگور پر اجکٹ میں وافر مقدار میں پانی جمع ہو چکا ہے سنگور پراجکٹ کی مکمل گنجائش 29.99 ٹی ایم سی پانی ہے ۔ جبکہ آج سہ پہر تک سنگور پراجکٹ میں 21.5 ٹی ایم سی پانی جمع ہو چکا تھا آبپاشی عہدیداروں نے بتا یا کہ سنگور پراجکٹ میںپانی کا زبر دست انفلو آر ہا ہے جس سے توقع کیجا رہی ہے کہ مزید دو تا تین یوم میں سنگور پراجکٹ کی سطح آب مکمل طور پر لبریز ہو جائیگی سنگاریڈی کے دامن میں واقع معروف ذخیرہ آ ب مانجرا ڈیم آج صبح لبریز ہو چکا ہے آج دو پہر میں اس کے تین فلڈ گیٹس کھول کر 24 ہزار کیوزکس فاضل پانی کا اخراج نظام ساگر پراجکٹ کیلئے کیا جا رہا ہے ۔ ضلع میدک کے کلچارم منڈل کے موضع کنگوڑ میں آج صبح تقریباً 5.30 بجے ایک ٹا ٹا انڈیکا کار ویلدورتی جا رہی تھی کہ کنگور برج پر پانی کے تیز بہائو میں یہ کار پھنس گئی ڈرائیور سریکا نت نے اپنے والد کو فون کیا جس پر اپنے بیٹے کی مدد کیلئے موقع پر پہنچ گیا اور رسی باندھ کر پانی میں اترا لیکن توازن کھو جانے کے باعث پانی میں غرقاب ہو گیا اس طرح بیٹے کو بچا نے کی کوشش میں والد کی موت واقع ہو گئی۔ مہلوک کی شناخت این ۔ سوامی متوطن میدک ٹائون کی حیثیت سے کی گئی بعد ازاں مقامی عوام اور پولیس نے کار میں سوار ڈرائیور کو پانی سے بحفا ظت باہر نکال لیا ۔ میدک ٹائون کے محلہ گولکنڈہ میں ایک مکان منہدم ہو نے کی وجہ سے کلا وتی 35 سالہ اور8 سالہ تلسی بر سر مو قع ہلاک ہو گئیں جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے سدا سیو پیٹ منڈ ل کے موضع مبارک پور میں مکان منہدم ہو نے کی وجہ سے 60 سالہ شیا مما ہلا ک ہو گئی جنارم منڈل کے موضع کان کنٹہ میں مکا ن منہدم ہونے کے با عث 4 افراد زخمی ہوگئے جن میں دو تشویشناک حالت میں بغرض علا ج گاندھی ہا سپٹل حیدرآباد روانہ کیا گیا پٹن چیرو کے قریب متنگی ‘ پو چا رم سڑک پر نکا واگو کا پانی تیزی کے سا تھ جمع ہو گیا جس کی وجہ سے ایک بو لیرو گاڑی پانی میں پھنس گئی تاہم اس میں سوار 4 افراد کو بحفا ظت باہرنکال لیا گیا ۔ ہتھنورہ منڈل کے موضع پلپنور کے ایک برج پر ایک کوالیس گاڑی پانی میں پھنس گئی اس میں سوار دونوں افراد کو بھی بحفا ظت نکا ل لیا گیا۔رائم پیٹ کے موضع ڈی دھرما رم کے تالاب میں اچا نک پانی کی سطح بڑ ھ جانے سے ایک کسان اپنی جان بچا نے کیلئے درخت پر چڑھ گیا جس کو محکمہ ریونیو ‘ پولیس اور مقامی عوام نے بڑی مشقت کے بعد بچا لیا جنا رام منڈل کے موضع انارام میں دو تالابوں کے بشتے ٹوٹ جانے کی وجہ سے نر سا پور ‘ حیدرآباد سڑک پر کافی پانی جمع ہو گیا جس کے باعث ٹرافک میں خلل پڑا ۔ ننگنور منڈل کے موضع بسوا پور کا تالاب لبریز ہو کر پانی سڑک پر جمع ہو گیا جس کی وجہ سے سدی پیٹ ‘ ہنمکنڈہ سڑک پر ٹرافک کچھ دیر کیلئے مسدود رہی ۔چنا شنکرم پیٹ کے موضع امبا جی پیٹ کے سڑک کا کچھ حصہ بہہ جا نے کی وجہ سے ٹرافک مسدود ہو گئی سنگاریڈی ‘ نر ساپور سڑک پر پانی جمع ہو نے کی وجہ سے ٹرافک مسدود رہی ۔رامچندرا پورکا رائے سمندرم تالاب لبریز ہو کر اس کا پانی حیدرآباد ممبئی قومی شاہراہ پر جمع ہو گیا اور نشیبی علاقوں میں واقع کالونی میں بھی اس تالاب کا پانی جمع ہو گیا ۔ قومی شاہراہ پر پانی کے جمع ہو نے کی وجہ سے ٹرافک کے بہائو میں زبر دست خلل پڑا اس سڑک کا وزیر آبپاشی ٹی ہر یش رائو اور وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے معائنہ کیا اور ان وزراء نے بتا یا کہ میاں پور تا سنگاریڈی سڑک کی مرمت کیلئے 48.20 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ہیں عنقریب ٹنڈر طلب کر تے ہوئے جلد ہی کام شروع کیا جائیگا ۔ ظہیرآباد کے قریب واقع نارنجہ پر اجکٹ لبریز ہو چکا ہے اور اس کے دو دروازے کھول کر فاضل پانی کا اخراج عمل میں لایا جا رہا ہے کوہیر کے گوڈگیا ر پلی مو ضع چیک ڈیم بھی لبریز ہو چکا ہے ۔ کونڈہ پور کا تاریخی بڑے تا لاب میں وافر مقدار میں پانی جمع ہو چکا ہے سدی پیٹ ٹائون کا کومٹی چیرو تالاب بھی تقریباً لبریز ہو چکا ہے ۔میدک کے قریب واقع گھن پور پراجکٹ اور ہلدی واگو لبریز ہو چکے ہیں۔ سنگاریڈی کے بڑے تالاب اور روئی کے تالاب میں بھی زبر دست پانی جمع ہو ا ہے سنگاریڈی ٹائون میں بارش کے وجہ سے ببلی کنٹہ کا پانی مخدوم نگر ‘ رکشاکالونی اور دیگر محلہ جات کے مکانوں میں داخل ہو گیا جس کی وجہ سے عوام شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جب بھی کبھی شدید بارش ہو تی ہے تو سنگاریڈی ٹاون کے ان علاقو ں کے مکانات میں پانی داخل ہو جا تا ہے ۔بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے مستقل حل ڈھونڈنے اور ببلی کنٹہ تا بڑا تالاب موجودہ نا لے کی صفائی ازسر نو سائنفیک طریقہ سے تعمیر ازحد ضروری ہے ۔ضلع میدک میں جاری شدید بارش کے پیش نظر آج اسکولس و کالجس کو تعطیل دی گئی وزیر آبپاشی ٹی ہر یش رائو نے آج دو پہر جدید کلکٹریٹ سنگاریڈی میں عہدیداروں کے سا تھ اجلاس منعقد کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا انہوں نے ضلع انتظامیہ کو چوکس رہنے اور تمام محکمہ جات کو باہمی اشتراک و تعاو ن کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ بارش کی وجہ سے ہلاک ہونے والو ں کے افراد خاندان کو فی کس 4 لا کھ روپئے ایکس گریشیاء دیا جائیگا ۔ کلکٹریٹ سنگاریڈی میں ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ۔ضلع میدک میں گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران اوسطاً 10 سنٹی میٹر بارش ریکا رڈ کی گئی سب سے زیادہ بارش چنا شنکرم پیٹ میں 21 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ ہو ئی جبکہ گجویل میں 15 ‘ توپران 14 ‘ ظہیرآباد 13 ‘ سداسیو پیٹ ‘ ہتھنورہ اور نر سا پور 12 ‘ نیالکل ‘ سنگاریڈی 11 سنٹی میٹر ‘ نارائن کھیڑ 9 ‘ کوہیر8 ‘ ٹیکمال ‘ رامچندرپور اور پٹن چیرو 7 ‘ میدک جھرہ سنگھم اور اندول میں 6 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔