ضلع میدک میں انتخابی ٹریننگ پروگرام میں عدم شرکت

سنگاریڈی۔/14مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میدک میں انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کے بعد ضلع انتظامیہ انتخابات کے کاموں میں مصروف ہوچکا ہے اور انتخابات کے سارے عمل کو پرامن بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ضلع میں انتخابی تربیتی ایک پروگرام میں شرکت نہ کرنے والے عہدیداروں کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے ضلع کلکٹر میدک و الیکشن آفیسر سمیتا سبھروال نے دو عہدیداروں کو معطل کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ دو عہدیدار الیکشن کے ایک تربیتی پروگرام میں غیر حاضر تھے۔ رامچندرا پور اے ایس او کرشنا اور شیوم پیٹ سینئر اسسٹنٹ ملیشم کو معطل کیا گیا۔مزید دو عہدیداروں کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کی گئی۔ ضلع کلکٹر نے عہدیداروں کو انتخابی خدمات انجام دینے میں لاپرواہی و تساہلی نہ برتنے کی ہدایت دی ۔ تمام عہدیدار بغیر اطلاع کے غیر حاضر نہ ہوں اور اپنے فرائض بحسن و خوبی انجام دیں۔ اس خصوص میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کو قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا۔