ضلع میدک میں اردو اساتذہ کی 773 جائیدادیں مخلوعہ

نارائن کھیڑ ۔ 28 ۔ مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس اسوسی ایشن
AIITA ضلع میدک کے صدر محمد عبدالکریم نائب صدر معزالدین ، جنرل سکریٹری محمد ایاز الدین ، پریس سکریٹری محمد معین الدین نے اپنے ایک پریس نوٹ میں بتایا کہ ضلع میدک اردو کا گہوارہ ہے جہاں پر مسلمانوں کی کثیر تعداد نے اردو ذریعہ تعلیم کو اپنایا ہے جہاں آر ٹی ای کے تحت 773 اساتذہ کے تقررات ہوتے ہیں تلنگانہ کی تشکیل کا ایک سال مکمل ہونے کو ہے جس کی سالگرہ جشن اردو جشن تلنگانہ کے نام پر بڑے جوش و خروش سے تقریبات منانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ وزیراعلی کے چندرشیکھر راؤ جو اردو کے بہی خواہ ہیں جنہوں نے اردو زبان کی ترقی کیلئے اقدامات کا اعلان کیا تھا اسی طرح اردو میڈیم اسکولس و کالجس کی زبوں حالی پر اظہار افسوس کرتے ہوئے تین ہزار اردو اساتذہ کے تقررات کا اعلان بھی کیا تھا ابھی تک عملی اقدامات کی شروعات نہیں ۔ ضلع میدک میں فی الحال 250 سے زائد سکنڈری گریڈ ٹیچرس SGT کی اور کئی اسکول اسسٹنٹ کی جائیدادیں خالی ہیں آر ٹی ای کے تحت 773 جائیدادیں مخلوعہ ہیں جس سے اردو طلباء کا تعلیمی کیریئر کافی متاثر ہورہا ہے ضلع میں 52 اردو اسکولس میں ایک بھی ٹیچر موجود نہیں ہے جبکہ 72 اردو اسکولس پرائمری و اپرپرائمری صرف ایک ٹیچر سے چل رہے ہیں اور کئی ہائی اسکولس مضمون واری اساتذہ سے خالی ہیں اس کا ایس ایس سی کے نتائج پر بھی اثر پڑا ہے ریاستی سطح پر بھی زبوں حالی ہے کہ اردو میڈیم کے نتائج صرف 60 فیصد ہی آئے ہیں اس کی پوری ذمہ داری حکومت پر ہے کہ وہ دیدہ دانستہ طلباء کے مستقبل سے کھلواڑ کررہی ہے ۔ اساتذہ کے بروقت انتظام نہ ہونے کی وجہ سے کئی اردو اسکولس بند ہوچکے ہیں اور وقت پر اساتذہ کا نظم نہیں کیا گیا تو بتدریج اسکولس بند ہوتے جائیں گے اور اولیائے طلباء بحالت مجبوری دیگر میڈیم میں اپنے بچوں کو داخلہ دلوائیں گے ۔ ایک رپورٹ نیالکل منڈل کی آئی تھی کہ منڈل میں جملہ 18 اسکولس ہیں جن میں پانچ اسکولس سنگل ٹیچرس سے چلتے ہیں۔ جبکہ 10اسکولس میں کوئی بھی ٹیچر موجود نہیں ہے ۔ اردو اسکولس کو بچانے کیلئے عارضی طور پر اکیڈیمک انسٹرکٹرس کے تقررات کئے جائیں ۔ فی الفور ریاست کی پہلی سالگرہ کے موقع پر خصوصی اردو DSC کا اعلان کیا جائے کہ اس خوشی پر جو کہ ہمارے ٹرینڈ ٹیچرس روزگار کی آس لگائے بیٹھے ہیں۔ پڑوسی ریاست آندھراپردیش میں DSC کا انعقاد عمل میں لایا گیا اور تقررات ہونے والے ہیں ۔ اس ضمن میں آئیٹا ضلع میدک کے قائدین وزیراعلی ، نائب وزیراعلی جناب محمود علی ، وزیرتعلیم کڈیم سری ہری ، وزیر آبپاشی و امور مقننہ تلنگانہ ہریش راؤ سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اردو اسکول میں تقررات کیلئے عملی اقدامات کریں تاکہ مسلمانوں میں آپ کی حکومت کے تئیں اعتماد بحال ہو اور آئیٹا تمام سیاسی و اردو تنطیموں سے بھی اپیل کرتی ہے کہ وہ بھی اس ضمن میں اپنا تعاون پیش کریں جس سے ہمارے بچوں کو اساتذہ ملیں اور اساتذہ کو روزگار مل سکے ۔