سنگاریڈی /26 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پولیس پریڈ گراؤنڈ سنگاریڈی پر بڑے ہی تزک و احتشام کے ساتھ صبح 9 بجے یوم جمہوریہ کے موقع پر سمیتا سبھروال کلکٹر ضلع میدک نے قومی رسم پرچم کشائی انجام دی۔ اس موقع پر وجے کمار ایس پی ضلع میدک، مدھو سدن ایڈیشنل ایس پی، باپو راؤ اے ایس پی اور ڈاکٹر اے شرتھ جوائنٹ کلکٹر بھی موجود تھے۔ سنتوش پریڈ کمانڈنٹ، شیام آر ایس آئی، مسعود پاشاہ آر ایس آئی، شفیع الدین آر ایس آئی، گورے میاں اے آر ایس آئی نے پولیس جمعیت کے ہمراہ سلامی دی، پہلی مرتبہ یوم جمہوریہ کے موقع پر پھولوں سے سجائی ہوئی پولیس جیپ سے ضلع کلکٹر سمیتا سبھروال اور وجے کمار ایس پی نے پولیس پریڈ کا معائنہ کیا۔ ضلع کلکٹر نے خطاب کرتے ہوئے عوام کو یوم جمہوریہ کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ضلع میدک میں عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی کام بڑے پیمانے پر جاری ہیں۔ زرعی شعبہ کی ترقی کے لئے خصوصی طورپر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ محکمہ صحت کے تحت مارپو اسکیم کو روبہ عمل لاتے ہوئے زچہ اور بچہ کی اموات کی روک تھام کے لئے ضروری اقدامات کرتے ہوئے زچہ اور بچہ کی صحت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ قومی آروگیہ مشن کے تحت زچہ اور بچہ کی حفاظت کے پروگرام اسکیم کا سدی پیٹ میں جلد آغاز ہوگا۔ محکمہ تعلیمات کے تحت اس سال دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں صد فیصد نتائج کے لئے ہر اسکول میں پرفارمنس ٹراکنگ سسٹم کے تحت طلبہ و طالبات کی تعلیمی ترقی پر خصوصی توجہ مبذول کی جا رہی ہے۔
ضلع میدک میں 90,402 اقلیتی طلبہ کو اسکالر شپس منظور کئے گئے، جو کہ 29.84 کروڑ روپئے پر مشتمل ہے۔ ضلع کلکٹر سمیتا سبھروال نے کہا کہ ضلع کے 265 اسکولس ہاسٹلس کی ترقی پر توجہ دی جا رہی ہے اور ہاسٹلس کی کار کردگی کا جائزہ لینے اسکائٹ ویڈیو سافٹ ویر اور 41 کمپیوٹرس کی اجرائی عمل میں آئی۔ معذورین کے لئے کئی ترقیاتی کام انجام دیئے جا رہے ہیں۔ محکمہ پولیس کے تحت ضلع میدک میں امن و امان کی برقراری کے لئے اقدامات کرتے ہوئے عوام کو پرامن ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ اس موقع پر مورتی ایڈیشنل جوائنٹ کلکٹر، سائیلو ڈسٹرکٹ ریونیو آفیسر، دھرما راؤ آر ڈی او، گووردھن تحصیلدار، وینکٹیش ڈی ایس پی۔ شیو شنکر سرکل انسپکٹر ٹاؤن، شفیع اللہ سی آئی، راجندر صدر ٹی این جی اوز، سلام خاں اور رمیش ضلع ڈی ای او بھی موجود تھے۔ ضلع کلکٹر نے مجاہدین آزادی کی بیواؤں کی شال پوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی۔ پولیس پریڈ گراؤنڈ سنگاریڈی میں مختلف اسکولس کے طلبہ و طالبات نے رنگا رنگ کلچرل پروگرام پیش کیا۔ سنگاریڈی جدید کلکٹریٹ پر ضلع کلکٹر نے قومی ترنگا لہرایا۔ بعد ازاں ضلع کلکٹر سمیتا سبھروال نے مختلف محکموں میں بہتر کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والے عہدہ داروں اور ملازمین کو ایوارڈس اور توصیف نامے عطا کئے۔