کلواکرتی کیلئے ایل آئی پراجیکٹ سے ہر حال میں پانی کی فراہمی : ہریش راؤ
کلواکرتی۔ 6 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے آج کلواکرتی یتی پوتلہ پراجیکٹ کے جاری کاموں کا معائنہ کیا اور تقریباً 60 کیلومیٹر تک کنال کا سروے کیا اور کاموں کی انجام دہی کی تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ جلد کاموں کی تکمیل کرلیں۔ جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ امسال ہر حال میں کلواکرتی حلقہ اسمبلی کے تمام علاقہ کو زراعت کیلئے ایل آئی سے پانی جاری کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ماقبل دو دوروں کے موقع پر ریاستی وزیر نے تیقن دیا تھا کہ امسال موسم فصل یعنی جولائی 2017ء کے اختتام تک پانی فراہم کیا جائے گا لیکن آج کے بیان کے مطابق یہ بات آگے بڑھ کر ڈسمبر 2017ء کے اختتام جاپہنچی ہے جس کے بعد انہوں نے تاخیر کیلئے کانگریس اور تلگو دیشم پارٹی کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ان دونوں پارٹیوں کی وجہ سے کاموں میں تاخیر ہوئی ہے۔ یہی لوگ زمین کے حصول میں رکاوٹ اور غلط باتیں کسانوں کو بتاکر کاموں میں رکاوٹ کا سبب بنے ہیں جس کی وجہ سے یہ تاخیر ہوئی ہے جبکہ ٹی آر ایس ہمیشہ کسانوں کی فلاح و ترقی کیلئے کام کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر حال میں ٹی آر ایس ان پراجیکٹ کو مکمل کرتے ہوئے ضلع محبوب نگر کی 8 لاکھ ایکر زمین کو پانی فراہم کرتے ہوئے ضلع سے خشک سالی دور کرے گی۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ بذات خود ہر دس دن بعد وہ دورہ کرتے ہوئے کاموں کا جائزہ لیں گے اور جلد اس پراجیکٹ کو مکمل کروائیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے عوام سے سوال کیا کہ کیونکر آپ لوگ ایسے لوگوں کا گھیراؤ نہیں کرتے جو پراجیکٹ کو روکنے کیلئے ہائی کورٹ، سپریم کورٹ میں کیس ڈالے ہوئے ہیں۔ کیا آپ لوگ بھی ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔ یہ لوگ عوام کیلئے نہیں اپنے فائدے کیلئے سیاست کررہے ہیں۔ ایسے لوگوں کے بہکاوے میں ہرگز نہ آئیں۔ یہ ہمارا وعدہ ہے کہ ہم جلد ضلع محبوب نگر کی خشک سالی کو ختم کردیں گے۔ اس موقع پر کسان مورچہ کی جانب سے انہیں ایک یادداشت بھی پیش کی گئی جس پر انہوں نے تیقن دیا کہ کسی بھی حال میں حلقہ اسمبلی کلواکرتی کیساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔ پراجیکٹ کی تکمیل سے کانگریس اور تلگو دیشم پارٹیاں اپنے مستقبل کے ختم ہونے کی وجہ سے عوام کو گمراہ کررہی ہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر صحت لکشما ریڈی، وزیر پنچایت راج جوپلی کرشنا راؤ، محبوب نگر رکن اسمبلی سرینواس گوڑ، اچم پیٹ رکن اسمبلی جی بالراج، ایم ایل سی کے آر نارائن ریڈی اور یوتھ قائد محمد مقبول اور دیگر کئی کارکن موجود تھے۔