ضلع محبوب نگر کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات

محبوب نگر ۔ 18 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دنیا کے تمام مذاہب امن و امان اور اُخوت کا درس دیتے ہیں اور دیگر فرقوں کے افراد کے ساتھ پرامن زندگی گزارنے کا پیغام دیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے مستقر محبوب نگر کے کلوری ایم بی چرچ کے گراؤنڈ میں منعقدہ کرسمس تقاریب پروگرام کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بحیثیت مہمان خصوصی کیک کاٹتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ سنہرا تلنگانہ کیلئے کے چندر شیکھر راؤ جو جدوجہد کررہے ہیں۔ اس کیلئے سب تعاون پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کا نام محبوب نگر ہی امن و شانتی کی بنیاد پر ہے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ ضلع بُری طرح پسماندگی کی لپیٹ میں ہے۔ اس کی ترقی اور خوشحالی کیلئے حکومت ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔ یہاں کے عوام کو نقل مقام سے روکنے کیلئے یہاں صنعتوں کا قیام ضروری ہے اور صنعتوں کیلئے برقی بے حد ضروری ہے۔ کے سی آر نے اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ دونوں وزارتیں بھاری صنعتیں اور برقی ضلع کو ہی دی ہیں۔ اس موقع پر ریاستی وزراء جوپلی کرشنا راؤ، سی لکشما ریڈی، پارلیمنٹری سیکریٹری سرینواس گوڑ، ریاستی پلاننگ کمیشن کے نائب صدر نرنجن ریڈی نے کہا کہ آج کے سماج میں انسانیت کی اہمیت گھٹتی جارہی ہے اور تشدد کو بڑھاوا مل رہا ہے جوکہ ایک خطرناک بات ہے۔ پروگرام میں ضلع پریشد چیرمین بی بھاسکر، ضلع کلکٹر جی ڈی پریہ درشنی، میونسپل چیرپرسن رادھا امر، ضلع کے ارکان اسمبلی سمپت کمار، جی بالراج ، مری جناردھن، اے وینکٹیشور ریڈی اور دیگر موجود تھے۔