ضلع محبوب نگر میں 6 اپریل کو زیڈ پی ٹی سیز و ایم پی ٹی سیز انتخابات

3030 پولنگ مراکز ، 8 اپریل کو رائے شماری ، کلکٹر گریجاشنکر کا بیان
محبوب نگر /17 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹر ایم گریجا شنکر نے زیڈ پی ٹی سی اور ایم پی ٹی سی انتخابات کا نوٹیفکیشن آج جاری کیا ۔ اس ضمن میں چیف ایکزیکیٹیو آفیسر رویندر نے ایڈیشنل رٹرننگ آفیسروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ نامزدگیوں کی وصولی کے طریقہ کار اور دیگر ضوابط پر عمل آوری کی تفصیلات سے واقف کروایا ۔ انہوں نے بتایا کہ ایم پی ٹی سی کے امیدوار متعلقہ منڈل پریشد آفس پر اپنی نامزدگیاں داخل کرسکتے ہیں ۔ جبکہ زیڈ پی ٹی سی امیدوار ضلع پریشد پر نامزدگیاں داخل کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کیلئے 2294 بیالٹ باکس موجود ہیں جبکہ مزید درکار 3000 بیالٹ باکس کو پڑوسی ریاست کرناٹک سے منگوایا گیا ہے ۔ نامزدگیوں کی وصولی کیلئے زیڈ پی آفس میں 4 کاونٹرس قائم کئے گئے ہیں ۔

محبوب نگر ڈیویژن کے 19 منڈلوں کے زیڈ پی ٹی سی کے امیدوار ایکزیکیٹیو انجینئیر پنچایت راج ki چیمبر میں اور ونپرتی ڈیویژن کے 8 ، گدوال ڈیویژن کے 9 زیڈ پی ٹی سیز سی ای او کے چیرمین میں جبکہ نارائن پیٹ کے 15 منڈل اور ناگرکرنول کے 13 منڈلوں کے امیدوار ضلع پریشد میں داخل کرسکتے ہیں ۔ اس ضمن میں منڈل کے اسپیشل آفیسرس بحیثیت رٹرننگ آفیسر خدمات انجام دیں گے ۔ جبکہ اسسٹنٹ رٹرننگ آفیسرس کی حیثیت سے چندر شیکھر ریڈی پی ڈی ڈی آر ڈی اے ، ناگماں زیڈ پی ڈپٹی سی ای او ، وینکٹا رمنا اسپیشل کلکٹر بھیما وینکٹیشور راؤ جوائنٹ ڈائرکٹر اگریکلچر اور بھگت سروپ کا تقرر عمل میں لایا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نامزدگی کے ادخال کے وقت صرف 2 حامیوں کو ہی امیدوار کے ساتھ رہنے کی اجازت ہوگی ۔ ضلع پریشد گراؤنڈ میں جلوس پر امتناع عائد کیا گیا ہے ۔ انہوں نے امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ درخواست فارم کو صحیح پر کریں ۔ ضلع کلکٹر نے سیاست نیوز کو بتایا کہ زیڈ پی ٹی سی اور ایم پی ٹی سی کی نامزدگیاں 17 مارچ تا 20 مارچ وصول کئے جائیں گے ۔ جبکہ تنقیح 22 مارچ کو ہوگی ۔ 22 مارچ کو اعتراضات وصول کئے جائیں گے ۔

23 مارچ کو اعتراضات کی تنقیح 24 مارچ کو دستبرداری اور اسی روز امیدواروں کی قطعی فہرست کا اعلان ہوگا ۔ پولنگ 6 اپریل کو صبح 7 تا 5 بجے شام ہوگی ۔ 8 اپریل کو ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان کیا جائے گا ۔انہو ںنے مزید کہا کہ ضلع میں 3030 پولنگ مراکز قائم کئے جائیں گے ۔ جملہ 23,84,194 ووٹرس ہیں جس میں 11,95,447 مرد ووٹرس اور 11,88,608 خاتون ووٹرس رائے دہی سے استفادہ کرتے ہوئے ضلع کے 64 زیڈ پی ٹی سیز اور 982 ایم پی ٹی سیز کو منتخب کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دستبرداری کی تاریخ سے قبل بی فارم داخل کرنے والے امیدوار کو ہی پارٹی کا انتخابی نشان الاٹ کیا جائے گا ۔ ورنہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے ہی نشان مختص کیا جائے گا ۔