… :: غضب کی گرمی : : …
محبوب نگر۔/2مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع محبوب نگر میں دن بہ دن گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ منگل کے روز ضلع محبوب نگر میں 44.1 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ ایک ہفتہ کے درجہ حرارت پر نظر ڈالی جائے تو گزشتہ چہارشنبہ 41.5 اس طرح بڑھتے بڑھتے اب 44.1 ڈگری تک پہنچ چکا ہے۔ گرمی کی زبردست شدت نے عوام کو بے حال کردیاہے۔ دوپہر میں شہر کی سڑکیں سنسان ہیں صبح 8 بجے سے ہی گرم ہوائیں چل رہی ہیں اور عوام گھروں میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دھوپ سے بچیں اور سر، کان ، ناک کو کپڑے سے باندھ کر باہر نکلیں۔ غضب کی گرمی سے فٹ پاتھ کے چھوٹے کاروباریوں کی تجارت بھی ٹھپ ہوکر رہ گئی ہے۔ آئندہ دنوں میں درجہ حرارت میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔ تعجب ہے کہ محکمہ صحت نے اتنی زبردست گرمی کے باوجود خاموشی اختیار کررکھی ہے۔ عوام کو احتیاطی تدابیر سے واقف کروانے کیلئے شعور بیداری کا کوئی قدم تاحال نہیں اٹھایا گیا ہے۔ بازاروں میں ٹھنڈا پانی اور مشروبات کی فروخت میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔