ضلع محبوب نگر میں محکمہ تعلیمات کی لاپرواہی

نارائن پیٹ7 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع محبوب نگر میں اردو میڈیم کی نصابی کتب سرکاری مدارس تک نہیں پہونچ پائی ہے ۔ جبکہ دوسرے میڈیم کے نصابی وقت مقررہ پر تعطیلات سے قبل پہونچ گئی ہیں ۔ عہدیداران تعلیمات نے تیقن دیا تھا کہ تعلیمی سال کے اختتام سے قبل نصابی کتب تمام مدارس تک پہونچائی جائیں گی تاکہ تعلیمی سال کے آغاز پر نصابی کتب کی عدم دستیابی اور قلت سے بچوں کی تعلیمی معیار پر اثر نہ ڈال سکے ۔ ضلع محبوب نگر میں جملہ 182 اردو میڈیم مدارس ہے ں۔ جس میں 119 پرائمری مدارس 20 وسطانوی مدارس اور 43 فوقانوی مدارس شامل ہیں ۔ ضلع کے 182 سرکاری اردو میڈیم مدارس میں 16222 طلباء زیر تعلیم ہیں ۔ تحتانوی مدارس میں طلباء کی تعداد 8368 وسطانوی مدرسوں میں 1970 طلباء اور فوقانوی مدارس میں 5885 طلباء زیر تعلیم ہیں ۔ اس طرح جملہ 16222 طلباء کیلئے 94848 نصابی کنگ کی ضرورت ہے ۔ اس سلسلے میں اسٹیٹ اردو ٹیچرس اسوسی ایشن آندھراپردیش کے قائدین جناب عبدالروف حسام الدین ، محمد امیرالدین چاند ، جناب عبدالقادر پٹیل ، جناب عبدالغفار ، جناب محمد دستگیر ، جناب خواجہ خلیل احمد ، جناب عبداللطیف چاند و دیگر نے ضلعی عہدیداران تعلیمات سے مطالبہ کیا کہ وہ اردو میڈیم سرکاری اسکولوں کو اردو میڈیم کی نصابی کتب کی جلد از جلد سربراہی کے اقدامات عمل میں لائیں ۔