ضلع محبوب نگر میں عادی سارقوں کی گرفتاری تقریباً 20 لاکھ روپئے ما لیتی مسروقہ اشیاء ضبط

ضلع محبوب نگر میں عادی سارقوں کی گرفتاری
تقریباً 20 لاکھ روپئے ما لیتی مسروقہ اشیاء ضبط
محبوب نگر ۔ 3 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محبوب نگر مستقر پر گزشتہ 3 ماہ سے مسلسل سرقوں کی وارداتیں پیش آرہی تھیں جس سے عوام میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی تھی جبکہ یہ وارداتیں پولیس کیلئے درد سر بن گئے تھے ، پولیس نے سارقوں کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں بنائی تھیں۔ پولیس نے مستقر محبوب نگر کے مٹو گڈہ میں گا ڑیوں کی چیکنگ کے دوران مشتبہ افراد کو حر است میں لیکر تفتیش کی تو وینگنڈلہ منڈل کے موضع ٹوم کنڈہ کا آر شنکر نائک 22 سالہ اور کوٹیم انجنیئرنگ کالج بی فارمیسی کا طالب علم راجیش 21 سالہ نے سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ۔ صلع ایس پی مسٹر ناگیندر کمار نے پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ سارقوں نے بھاری مقدار میں سونا ، چاندی ، مو ٹر سیکلیں اور الیکٹرانکس اشیاء کی چوری کا اعتراف کرلیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ونپرتی کے علاقہ میں یہ دونوں کئی چوری کے واقعات میں ملوث تھے اور جیل کی ہوا بھی کھا چکے تھے لیکن عادتوں سے باز نہیں آئے ۔ 29 جولائی کو رہا ہونے کے بعد دوبارہ سرگرم ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق مستقر کے محلہ جات مرلو ، ٹیچرس کالونی ، بھگیر تا کالونی ، مائتری نگر پدماوتی کالونی ، شاہ صاحب گٹہ ، شیوا شکتی نگر ، نیو پریم نگر ، وینکٹیشور اور سرینواس کالونیز ، لکشمی نگر میں سرقہ کی 21 وارداتوں کی شکایتیں پولیس اسٹیشنوں میں درج کرائی گئی تھیں ۔ ایس پی نے بتایا کہ ان دونوں کے قبضہ سے 25.6 تولہ سونا ، 7.09 تولہ چاندی ، 2 ہونڈا ایکٹیوا گاڑیاں ، دو کیمرے ، دو موبائل فون ، ایل سی ڈی اور ایل سی ڈی ٹی ویز اور 5 لیاپ ٹاپس جن کی مالیت 16 لاکھ بتائی گئی ہے، ضبط کرلیا گیا ہے ۔ ایک اور واقعہ میں چاکلی ناگراج نامی شخص جو آدرش جونیئر کالج کے قریب مشتبہ گھوم رہا تھا ، پولیس نے تحویل میں لیکر تفتیش کی تو پتہ چلا کہ وہ خواتین کے گلوں سے طلائی چین اڑایا کرتا تھا ، اس کے قبصہ سے 13.5 تولہ سونا جس کی ما لیت 4 لاکھ بتائی جاتی ہے، ضبط کرلیا گیا۔ شاد نگر علاقہ میں سرقہ کی کئی ایک وارداتوں میں ملوث پنجاب کے وجئے سنگھ کو پولیس نے شادنگر بس اسٹانڈ میں شبہ کی بنیاد پر حراست میں لے لیا جس کے قبضہ سے 15.5 تولے سونا اور دیڑھ کیلو چاندی برآمد ہوئی جس کی مالیت 5 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ اس طرح ان تینوں واقعات میں پولیس نے 54.6 تولہ سونا اور 9.4 چاندی اور دیگر قیمتی اشیاء کو پولیس نے ضبط کرلیا ۔ ضلع ایس پی نے مختصر عرصہ میں سارقوں کو گرفتار کرلینے پر ایوارڈس عطا کئے جس میں رورل پولیس کے سی آئی وے نکٹیشورلو، ایس آئی گاندھی نائک ، ہیڈکانسٹبل محمد نعیم ، عبدالبشیر کے علاوہ شاد نگر کے ایس آئی پولیس مسٹر رویندر ریڈی شامل تھے ۔ پریس کانفرنس میں ڈی ایس پی ملکارجن و دیگر پولیس عہدیدار موجود تھے ۔