محبوب نگر /5 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع میں تیز ہواؤں اور چند مقامات پر بارش سے دھان کے کھیتوں کے ساتھ آم کے باغات کو بھاری نقصان پہونچا ۔ ضلع میں کئی مقامات پر برقی پولیس گرجانے سے برقی سربراہی مسدود ہوگئی ۔ ہفتہ کی رات بارش اور اتوار کی شام زوردار ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی ۔ محکمہ زراعت کے عہدیداروں کے مطابق 18460 ہیکڑ اراضی کو غیر موسمی بارش کی وجہ سے نقصان پہونچا ۔ جبکہ 78 ہیکر اراضی پر کھڑے آم کے باغات کو بھاری نقصان ہوا ۔ تلکنڈہ پلی کے 18 مواضعات میں دھان کے کھیتوں کو نقصان پہونچا ۔ کولاپور ، ناگرکرنول کے علاقوںمیں 123 پولس گرگئے اور ایک ٹرانسفارمر تباہ ہوگیا ۔ موسم گرما کی غیر موسمی بارش سے تاحال تقریباً 4000 ہیکڑ پر دھان کے کھیتوں کو نقصان پہونچا ۔ اتوار کی شام مستقر محبوب نگر پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے 2 گھنٹے برقی سربراہی مسدود رہی ۔