ضلع محبوب نگر میں آفات سماوی کا قہر

محبوب نگر /28 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع محبوب نگر میں زبردست گرمی کی لہر غیر موسمی بارش ، تیز ہواؤں اور بجلیوں کی گرج چمک کے بیچ موت کا رقص جاری رہا ۔ موت نے دھوپ اور لو لگنے کے بہانے 4 افراد کو سلا دیا تو زبردست کڑاکے کی بجلیوں کے گرنے سے 6 افراد موت کی آغوش میں چلے گئے ۔ ضلع میں منگل کی شام غیر موسمی بارش کے دوران بجلی گر پڑنے سے بالا نگر منڈل کے قریب تالاب کے پاس کام کرنے والے چنیا 55 سالہ اور پدایا پلی تانڈہ کا سکھیا نائیک 60 سالہ مقام واقعہ پر ہی ہلاک ہوگئے ۔ یہ دونوں بھی اپنے کھیت میں کام کر رہے تھے ۔ ایک اور واقعہ میں دھارور منڈل کے ماگلابیڑ کی مہیشورماں 31 سالہ جو پولٹری فارم کے شیڈ کے تعمیری کام میں مصروف تھی اچانک بجلی گر پڑنے سے مقام واقعہ پر ہی فوت ہوگئی ۔ اوٹکور منڈل کے مخدو پور کھیت میں کام کرنے والی مغلماں 65 سالہ بھی کل شام بجلی حادثہ میں فوت ہوگئی ۔ ایک اور واقعہ وڈے پلی منڈل کے موضع گاولہ پاڈ میں پیش آیا راموڈو 29 سالہ جو بارش سے بچنے درخت کے نیچے ٹہرا تھا کہ بجلی گر پڑی اور وہ وہیں فوت ہوگیا ۔ چھٹواں واقعہ بجنا پلی منڈل کے شائنی پلی میں پیش آیا ۔ لکشماریڈی 55 سالہ جانوروں کو چرارہا تھا کہ بجلی گر پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔ دوسری طرف ضلع میں دھوپ ، گرمی اور لو لگنے کے واقعات میں بھی 4 افراد ہلاک ہوگئے ۔ تفصیلات کے بموجب بجناپلی منڈل کے خانہ پور میں بجماں 55 سالہ گذشتہ دو روز سے اپنے کھیت میں کام کر رہی تھی شدید لو لگنے سے فوت ہوگئی ۔ ایک اور واقعہ بھی بجناپلی منڈل کے خانہ پور میں بجماں 55 سالہ گذشتہ دو روز سے اپنے کھیت میں کام کر رہی تھی شدید لو لگنے سے فوت ہوگئی ۔ ایک اور واقعہ بھی بجنا پلی منڈل کے منگنور میں پیش آیا جہاں چنیا 50 سالہ اور تماجی پیٹ کے امباپلی کا گمڑیا 70 سالہ یہ دونوں بھی کھیت میں کام کرکے گھر لوٹے ، لو لگنے کی وجہ سے دست و قئے میں مبتلا ہوگئے اور دواخانہ منتقل کرنے کے دوران فوت ہوگئے ۔ چوتھا واقعہ لگال کے چنم پلی میں پیش آیا ۔ بویا لالو 50 سالہ کھیت میں کام کے بعد گھر لوٹا ۔ دھوپ اور لو لگنے کی وجہ سے طبعیت بگڑنے پر خانگی دواخانہ میں شریک کرایا گیا ۔ جہاںوہ فوت ہوگیا۔ ان 10 افراد کی آفات سماوی کے تحت موت پر ایک تفصیلی رپورٹ ضلع انتظامیہ کو روانہ کی جارہی ہے ۔ جس پر ضلع انتظامیہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ ایکس گریشیا جاری کروائے گا ۔