مشن کاکتیہ کے تحت 40 فیصد کام مکمل، ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ کی پریس کانفرنس
محبوب نگر۔ یکم فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کے آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر میں سرعت پیدا کرنے کے لئے 1736 ایکڑ اراضی درکار ہے۔ اس بات کا انکشاف ریاستی وزیر بڑی آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے ہفتہ کی شب ریونیو میٹنگ ہال میں جائزہ اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے بتایا کہ کوئل ساگر، بھیما لفٹ ایریگیشن کو درپیش مسائل پر پیر کے دن سکریٹریٹ میں پرنسپال سکریٹری شیلندر جوشی کی نگرانی میں میٹنگ طلب کی جا رہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اندرون ایک ہفتہ کارنا باپلی کے کاموں کا آغاز ہوگا۔ کوئل ساگر پراجکٹ کی تکمیل میں حائل دشواریوں کا گہرائی کے ساتھ جائزہ لیتے ہوئے تعمیر مکمل کرلینے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ ریلوے کراسنگ کے مسئلہ پر جی ایم ریلویز کے ساتھ خصوصی اجلاس طلب کرتے ہوئے مسئلہ کو حل کرلیا جائے گا۔ بھوت پور واٹر ریزرو وائر کے تحت آنے والے مواضعات کے عوام کو نقصانات کی پابجائی کے لئے اطمینان بخش اقدامات کئے جائیں گے۔ مشن کاکتیہ اسکیم کے تحت 1477 تالابوں اور کنٹوں کی مرمت کی جا رہی ہے، جس میں سے تاحال 40 فیصد تجاویز و تخمینہ کے کام مکمل ہوچکے ہیں۔ وزیر آبپاشی نے بتایا کہ ضلع میں 11 اے ایز کی جائدادیں مخلوعہ ہیں، ان جائدادوں پر موظف انجینئرس کی خدمات حاصل کرنے کے لئے انھوں نے متعلقہ عہدہ داروں کو ہدایات دی ہیں۔ مشن کاکتیہ اسکیم کے تحت تاحال ضلع کو 16 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ہیں۔ کلاس V سطح کے گتہ داروں کو بھی 10 تا 50 لاکھ کے ٹنڈرس میں حصہ لینے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ پالمور لفٹ ایریگیشن کا سنگ بنیاد بہت جلد چیف منسٹر کے ہاتھوں رکھا جائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ اس پراجکٹ کے تحت ضلع کے سات لاکھ ایکڑ کو کاشت کے لئے پانی سربراہ کرنے کے علاوہ تالابوں کے ذریعہ تین لاکھ ایکڑ سیراب کئے جائیں گے۔ نلگنڈہ کے 30 ہزار ایکڑ اور رنگا ریڈی ضلع کے 2.70 لاکھ ایکڑ اراضیات کو بھی اس پانی سے استفادہ کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ وزیر موصوف نے جورالا تا حیدرآباد کے درمیان پراجکٹس اور تالابوں کی خصوصی مرمت پر توجہ دینے کا عزم ظاہر کیا۔ انھوں نے آبپاشی انجینئرس پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سنکرا سمدرم کے کاموں میں سستی برتی جا رہی ہے۔ انھوں نے عہدہ داروں کو ہدایت دی کہ بڑے تالاب کی ترقی کے لئے فوراً ضروری تجاویز پیش کریں۔ انھوں نے آبپاشی عہدہ داروں کو ہدایت دی کہ متعلقہ ایم ایل ایز اور عوامی نمائندوں کے ساتھ ربط میں رہیں اور ان کو کاموں کی تفصیلات سے واقف کراتے رہیں۔ اجلاس میں ضلع کلکٹر سری دیوی، ریاستی پلاننگ کمیشن کے نائب چیرمین نرنجن ریڈی، پارلیمنٹری سکریٹری سرینواس گوڑ، آبپاشی کے چیف انجینئر مرلیدھر راؤ اور دیگر اہم عہدہ دار موجود تھے۔