ضلع عادل آباد میں کمشنر بلدیات کی ناقص کارکردگی پر برہمی

عادل آباد ۔ /8 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عادل آباد مجلس بلدیہ کے حدود میں صفائی کے نظام کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے میونسپل جوائنٹ ڈائرکٹر مسٹر ایس رام نارائن ریڈی نے نرمل ‘ بیلم پلی بلدیہ عہدیداروں پر اظہار برہمی کرتے ہوئے مجلس بلدیات کے تحت حاصل ہونے والے ٹیکس کو مقررہ نشانہ تک وصول کرنے کی ہدایت دی ۔ عادل آباد مجلس بلدیہ میں منعقدہ اس اجلاس میں ضلع کے سات مجالس بلدیات کاغذ نگر ‘ بیلم پلی ‘ نرمل ‘ بھینسہ ‘ منچریال ‘ مندامری اور عادل آباد کے کمشنرز میں بالترتیب کمار سوامی ‘ منگاتاپر ‘ ترمیکیشور ‘ شیلاجہ ‘ وینکنا ‘ راجیا اور شاہد مسعود بھی موجود تھے ۔ موصوف نرمل مجلس بلدیہ میں دس فیصد ‘ بیلم پلی بلدیہ میں 27 فیصد ٹیکس کے وصولی پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے آئندہ تین ماہ میں مقررہ نشانہ پورا کرنے کی ہدایت دی ۔ مجالس بلدیات کے حدود میں تشہیر کی خاطر مختلف شاہراہوں پر تنصیب کردہ فلیکس بورڈ پر کمرشیل ٹیکس عائد کرتے ہوئے وصول کرنے کا بھی مشورہ دیا ۔ کمشنر بلدیات کے علاوہ مجالس بلدیات کے ریونیو آفیسر ‘ بل کلکٹرس بھی موجود تھی ۔

ضلع وقف چیرمین محمد ربانی
کا استقبال
کلواکرتی ۔ /8 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع وقف چیرمین محمد ربانی صاحب کی آمد پر یہاں کلواکرتی میں مسلم میناریٹی کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا اور بکثرت ان کی گلپوشی کی گئی ۔ آر اینڈ بی گیسٹ ہاؤز میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ضلع وقف چیرمین نے بتایا کہ کانگریس پارٹی ہی مسلم اقلیت کی ہمدرد اور خیال رکھنے والی پارٹی ہے جس کی بدولت مسلمانوں کو چار فیصد تحفظات ملے اور اس کی وجہ سے آج علحدہ تلنگانہ کا قیام عمل میں آرہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سونیا گاندھی نے مجھ پر جو ذمہ داری عائد کی ہے میں اس کی پوری ذمہ داری نبھاؤنگا او تمام اوقاف کی جائیداد کی نشاندہی کی جاکر ان کی حفاظت ہی میرا اہم کام ہے اور اوقافی جائیداد کو صحیح استعمال میں لاتے ہوئے مسلم اقلیت کی ترقی ہی میرا نصب العین ہے ۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے مسلم قیادت کو بھی آگے بڑھنے اور سیاسی سماجی و دیگر میں اپنا حق حاصل کرنے کی پرزور اپیل کی ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ریاستی یوتھ صدر ومشی چندر ریڈی ‘ سید مسعود احمد ‘ محمد اعجاز ’ عبدالقادر ‘ محمد ناصر ‘ محمد حسن ‘ محمد نرنجن ‘ حافظ عبدالواجد کے علاوہ کثیر تعداد میں نوجوان موجود تھے ۔