عادل آباد /31 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع عادل آباد کی عوام کو نئے سال کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ضلع ایس پی ڈاکٹر ترون جوشی نے پولیس اور عوام کے دوستانہ ماحول پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ محکمکہ پولیس کی جانب سے جاریہ ماہ ویب سائیڈ قائم کیا جارہا ہے جبکہ ضلعی افراد کی سہولت کی خاطر ٹول فری نمبر فون نمبرات کے علاوہ ’’ واٹس اپ‘‘ بھی درکار ہے ۔ ضلع ایس پی ڈاکٹر ترون جوشی مستقر عادل آباد کے پولیس کانفرنس ہال میں پرہجوم میڈیا سے مخاطب ہوکر ایک سال کے دوران ضلع میں پیش آئے واقعات کا تذکرہ کر رہے تھے ۔ اس موقع پر اے ایس پی مسٹر پاناسا ریڈی ،اے ایس پی شریمتی رادھیکا ، منچریال اے ایس پی وجئے کمار ، بیلم پلی ایس پرتاب سنگھ ، عادل آباد ڈی ایس پی لکشمی نارائنہ ، اسپیشل برانچ مسٹر رحمن بھینسہ ڈی ایس پی راملو ، نرمل منوہر ریڈی اوٹنور ملاریڈی ، بیلم پلی رمناریڈی ، کاغدنگر چکروتی بھی موجود تھے ۔ میڈیا سے مخاطب سے قبل ضلع ایس پی ماہانہ کرائم اجلاس میں مصروف تھے ۔ بعد ازاں ڈاکٹر جوشی نے پولیس کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ جاریہ سال ضلع میں پیشکرالو ، ہریتا ہارم ، کاکتیہ مشن کے علاوہ ریاستی سطح کے پولیس اسپورٹس مقابلوں کا کامیاب انعقاد عمل میں جہاں ایک طرف لایا گیا وہیں تمام مذاہب کے عید و تہوار کو بھی بہتر طریقہ کے ساتھ انجام دیا گیا ۔ ضلع کے 1678 پولیس افراد کو ماسٹر ہیلت چیک اپ کرایا گیا ضلع میں 665 پولیس اسٹیشن کے منجملہ 74 پولیس اسٹیشنوں میں عوامی مسائل کی یکسوئی اندرون ایک ہفتہ کی جاری ہے جس کے بناء پر ضلع میں جرائم کی تعداد میں تخفیف ہو رہی ہے جبکہ سڑک حادثات تدارک کی خاطر پولیس کی جانب سے مزید اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ عادل آباد کے علاوہ دیگر اہم مقامات پر CCTV کمیروں کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے ۔ جس کے ذریعہ قانون شکنی کرنے والے افراد پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے ۔ جاریہ سال ماوسٹوں کی سرگرمیوں کو بدبختانہ قرار دیتے ہوئے ضلع ایس پی ڈاکٹر ترون جوشی نے ماسٹوں کو انتباہ پسندانہ زندگی ترک کرتے ہوئے خوش حال زندگی کی خاطر اپنے آٖ کو پولیس کے حوالے کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ خود سپرد ہونے والے ماوسٹوں کی بازآبادکاری کیلئے حکومت مختلف اسکیمات کو عمل میں لاچکی ہے جس سے استفادہ حاصل کرنے کی خواہش کی ۔