ضلع کے پانچ اسمبلی حلقوں میں 62 امیدوار انتخابی میدان میں
سنگاریڈی ۔ 5 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع سنگاریڈی میں اسمبلی انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ ضلع سنگاریڈی میں اب تک 16.22 کروڑ روپئے کی رقم کو ضبط کرلیا گیا ہے۔ 293 افراد پر کیس درج کیا گیا اور 300 افراد کو پولیس نے اپنی تحویل میں لیا۔ سنگاریڈی میں ایک مکان سے 15.70 لاکھ روپئے ضبط کرلئے گئے۔ ضلع سنگاریڈی سے 62 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں جبکہ متحدہ ضلع میدک سے گجویل 13، دوباک 18۔ میدک 12، سدی پیٹ 12، حسن آباد 15 اس طرح جملہ 139 امیدوار انتخابات میں اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ پولیس کی جانب سے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ ضلع سنگاریڈی میں 14.67 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ پرامن طریقے سے رائے دہی کیلئے چندرشیکھر ریڈی ایس پی ضلع سنگاریڈی نے پولیس کے انتظامات کئے ہیں۔ ضلع میں 210 حساس مقامات اور 55 زیادہ حساس مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان مقامات پر پولیس دستوں کو تعینات کرتے ہوئے پولیس پٹرولنگ سے ضلع کے تمام 5 اسمبلی حلقوں میں انتظامات کو قطعیت دیدی گئی ہے۔ ضلع میں ایک ایس پی، دو ایڈیشنل ایس پیز، 6 ڈی ایس پیز، سرکل انسپکٹرس 30، سب انسپکٹرس 67، اے ایس آئیز 103، ہیڈ کانسٹیبلس 192، کانسٹیبلس 829 اور ہوم گارڈس 274 مجوزہ انتخابات میں اپنی خدمات انجام دیں گے۔ ضلع میں 1338 سی سی کیمروں کی پولنگ مراکز پر تنصیب عمل میں لائی گئی ہے جبکہ 11 مقامات پر پولیس چیک پوسٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے 24 گھنٹے نگرانی کی جارہی ہے۔ ہنمنت راؤ ضلع کلکٹر سنگاریڈی و الیکشن آفیسر کی جانب سے عہدیداروں کو تربیت دیتے ہوئے کہا کہ ضلع کے 5 اسمبلی حلقہ جات سنگاریڈی، ظہیرآباد، پٹن چیرو، اندول اور نارائن کھیڑ میں جملہ 1477 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں جبکہ پولنگ عہدیداروں کی تعداد 7024 ہے۔ ضلع کلکٹر سنگاریڈی ہنمنت راؤ نے کہا کہ 7 ڈسمبر کو رائے دہی صبح 7 بجے تا شام 5 بجے تک ہوگی۔ چنانچہ تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ ضلع سنگاریڈی کے 5 اسمبلی حلقوں میں انتخابی مہم کے آخری دن تمام سیاسی پارٹیوں کے امیدوار کی جانب سے انتخابی مہم میں تیزی دیکھی گئی۔ سنگاریڈی میں کانگریس، ٹی آر ایس، بی جے پی، سی پی ایم پارٹیوں کے امیدواروں کی جانب سے انتخابی مہم چلائی گئی۔