ضلع سنگاریڈی میں رائے دہی کا پرامن اختتام

کوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں ، ای وی ایم میںتکنیکی خرابی کی اطلاعات

سنگاریڈی /7 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع سنگاریڈی کے 5 اسمبلی حلقہ جات سنگاریڈی پٹن چیرو ، اندول ، نارائن کھیڑ اور ظہیرآباد میں آج صبح 7 بجے تا شام 5 بجے تک اسمبلی انتخابات کیلئے رائے دہی منعقدہوئی جو مجموعی طور پر پرامن رہی کسی بھی مقام سے ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی ۔ چند ایک مقامات پر ووٹنگ مشین میں تکنیکی خرابی کی اطلاعات ملی ضلع انتظامیہ نے ووٹنگ مشین کو فوری درست کرتے ہوئے رائے دہی کا آغاز کروا دیا ۔ ضلع سنگاریڈی میں جملہ 11 لاکھ 43 ہزار 761 رائے دہندگان ہیں ۔ جس میں سے تقریباً 68 فیصد رائے دہی درج ہوئی یعنی کم و بیش 7 لاکھ 75 ہزار ووٹرس نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ۔ شام 5 بجے تک پولنگ بوتھ میں ووٹ کیلئے قطار میں کھڑے رہنے والوں کو وقت کے بعد بھی ووٹ ڈالنے پولنگ بوتھ پہونچنا شروع ہوگئے تھے حلقہ اسمبلی سنگاریڈی میں صبح 7 تا 9 بجے تک دو گھنٹوں میں 14 فیصد ووٹ یعنی 28275 افراد نے حق رائے دہی کا استعمال کیا ۔ 11 بجے تک 31 فیصد 1 بجے تک 42 فیصد اور سہ پہر 3 بجے تک 67 فیصد یعنی 135315 افراد نے ووٹ ڈالا تھا ۔ شام 5 بجے تک جملہ 68 فیصد ریکارڈ ہوئی ۔ حلقہ اسمبلی سنگاریڈی میں جملہ 201962 ووٹرس ہیں اور پولنگ 72 فیصد ہوئی یعنی اندازاً دیڑھ لاکھ افراد نے ووٹ ڈالا سال 2014 اسمبلی انتخابات میں حلقہ اسمبلی سنگاریڈی میں 74.29 فیصد رائے دہی ریکارڈ ہوئی ۔ حلقہ اسمبلی پٹن چیرو میں جملہ 60 فیصد رائے دہی ریکارڈ ہوئی صبح 9 بجے تک 10 فیصد 11 بجے تک 23 ، ایک بجے تک 46 ، 3 بجے تک 54 اور 5 بجے تک 60 فیصد رائے دہی ہوئی ۔ حلقہ اسمبلی اندول میں 67 فیصد رائے دہی درج ہوئی صبح 9 بجے تک 16 فیصد 11 بجے تک 36 ایک بجے 12، 3 بجے 62 اور 5 بجے تک 67 فیصد رائے دہی ہوئی ۔ حلقہ اسمبلی نارائن کھیڑ شام 5 بجے تک جملہ 70 فیصد پولنگ ریکارڈ ہوئی صبح 9 بجے تک 8.5 ، 11 بجے 22، ایک بجے 51 ، 3 بجے 60 اور 5 بجے تک 70 فیصد پولنگ ہوئی ۔ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد میں مجموعی طور پر 68 فیصد رائے دہی درج ہوئی صبح 9 بجے تک 12 فیصد 11 بجے 25 ، ایک بجے 43، 3 بجے 61 اور شام 5 بجے تک 68 فیصد رائے دہی ہوئی ۔ رائے دہی کے قطعی اعداد و شمار رات دیر گئے جاری ہوں گے ۔ کانگریس امیدوار جگاریڈی نے سنگاریڈی میں ٹی آرا یس امیدوار چنتا پربھاکر نے سداسیوپیٹ میں ووٹ ڈالا جبکہ کلکٹر ضلع سنگاریڈی ہنمنت راؤ نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ تارا ڈگری کالج سنگاریڈی پہونچ کر ووٹ ڈالا ۔