ضلع سنگاریڈی میں انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات کا پرامن انعقاد

سنگاریڈی۔ 2 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع سنگاریڈی میں انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کا پرامن طور پر آغاز عمل میں آیا۔ آج انٹرمیڈیٹ سال دوم کے امتحان میں جملہ 11,703 طلباء و طالبات کے منجملہ 11,110 طلباء و طالبات نے شرکت کی جبکہ 593 طلباء و طالبات سالانہ امتحانات میں شرکت سے قاصر رہے۔ نقل نویسی کا کوئی بھی کیس درج نہیں ہوا۔ کہیں سے بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ آر آئی او ضلع سنگاریڈی کشن نائیک کے بموجب ضلع سنگاریڈی میں انٹرمیڈیٹ سال اول و دوم کے سالانہ امتحانات کا پرامن طور پر آغاز عمل میں آیا۔ ان دو یوم میں نقل نویسی کا ایک بھی کیس درج نہیں ہوا۔ امتحانی مراکز پر دفعہ 144 نافذالعمل ہے اور امتحانی مراکز کے اطراف و اکناف تمام زیراکس سنٹرس کو امتحانی اوقاف میں بند رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ امتحانی مراکز پر تمام طلباء و طالبات اور نگران کاروں کو تمام تر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ آر آئی او کشن نائیک نے طلباء و طالبات سے خواہش کی کہ وہ ایک گھنٹہ قبل امتحانی مراکز پہنچ جائیں۔ ایک منٹ کی بھی تاخیر سے پہنچنے والے طلباء کو امتحانی مراکز میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔