وقارآباد میں منعقدہ پریس کانفرنس میں ایس پی انا پورنا کا خطاب
تانڈور۔/3جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع رنگاریڈی میں سال 2016 کے مقابلہ 2017 میں جرائم میں کمی ہوئی ہے۔ سال 2017 میں جملہ 1378 کیسیس درج ہوئے تھے جبکہ 2016 میں جملہ وارداتیں1565 ہوئیں اس طرح 2017 میں 187 جرائم کم ہوئے۔ محترمہ انا پورنا ایس پی ضلع وقارآباد نے صحافیوں کو یہ بات بتائی اور کہا کہ ضلع وقارآباد میں جملہ 18پولیس اسٹیشنس ہیں جبکہ ایک خاتون پی ایس ہے۔ یہ جرائم قتل، عصمت ریزی اور ڈکیتی پر مشتمل ہیں۔ ایس پی نے کہا کہ سال 2017 میں قتل کی 18وارداتیں ہوئیں جبکہ 2016 میں 35 قتل ہوئے۔ جہیز کیلئے ضلع میں سال 2017 میں 3 قتل ہوئے جبکہ سال 2016 میں اس طرح کے 6 قتل ہوئے۔ سرقہ کی چار وارداتیں سال 2016 میں سال 2017 میں 3 ہوئیں۔ سڑک حادثات بھی بہت کم ہوئے ۔ سال 2017 میں 264 سڑک حادثات ہوئے 126 اموات ہوئیں جبکہ 132 افراد زخمی ہوئے۔ ضلع میں 2016 میں جملہ 358 سڑک حادثات ہوئے، 201 افراد ہلاک ہوئے، 468 افراد زخمی ہوئے تھے۔ ضلع وقارآباد میں 46خواتین ہراسانی کا شکار ہوئے، 23 کیسیس اقدام قتل کے درج کئے گئے ۔ ضلع میں ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر 39666 افراد کے خلاف کیس درج کئے گئے، 54 لاکھ روپئے جرمانہ ان سے وصول کیا گیا۔ سال2017 میں شراب پی کر گاڑی چلانے والے 675 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی 546 افراد کو جیل کی سزا ہوئی اور فی کس 2 ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا گیا۔
گرام پنچایت کامپلکس مدور کا افتتاح
مدور۔/3جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منڈل مستقر مدور پر پنچایت راج انجینئرنگ شعبہ کے تحت 8 لاکھ روپئے کے صرفہ سے تعمیر کردہ گرام پنچایت شاپنگ کامپلکس کا آج مقامی رکن اسمبلی مسٹر متی ریڈی یادگیری ریڈی نے افتتاح انجام دیا۔ اس موقع پر مقامی سرپنچ کی عدم موجودگی پر نائب سرپنچ مسٹر نیلہ بالا کرشنا کی زیر صدارت منعقدہ افتتاحی تقریب میں مسرس مندایادگیر، یم ملیشم صدر منڈل ٹی آر ایس کرشنا ریڈی، انجینئر محمد شریف الحسن، ٹی آر ایس کے سینکڑوں قائدین و کارکن موجود تھے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی نے ادعا کیا کہ کمرشیل شاپنگ کامپلکس سے گرام پنچایت کو حاصل ہونے والی آمدنی سے مقامی عوام کی ضروریات کی تکمیل ہوگی۔ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی و ادارہ جات مقامی گرام پنچایتوں کو خود مکتفی بنانا ریاستی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔