منااکھیلی ؍21مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع انتظامیہ اور خانگی کالجس کے ایک گروپ کی جانب سے ضلع بیدر کے غریب لیکن ذہین طلباء جوبذریعہ سائنس آگے تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں خصوصاًسرکاری ہائی اسکول اور دیہی علاقے سے تعلق رکھنے والے دہم جماعت کامیاب طلباء وطالبات کے لئے دوسالہ خصوصی پروگرام ضلع بیدر میں شروع کیاگیاہے۔ اس پروگرام کے تحت پی یوسی کی دوسالہ تعلیم کے لئے درخواست دینے والے طلباء کی میرٹ لسٹ تیار کی جائے گی ۔ اور کونسلنگ کے ذریعہ ا ن کو ان کی پسند کے پی یوسائنس کالجس اور پوسٹ میٹرک کالج ہاسٹل الاٹ کئے جائیں گے۔ ضلع بیدر کے 19مختلف کالجس کی طرف سے مفت تعلیم کے علاوہ مقابلہ جاتی تعلیم کا انتظام رہے گا۔ اس طرح حقیقی مستحق ذہین طلباء پی یوسائنس کی دوسالہ تعلیم مکمل کرکے ڈگری کورسیس میں داخلہ لے سکتے ہیں ۔ البتہ ڈگری کورسیس میں ریاستی حکومت کی جانب سے کے ایم ڈی سی کے زیراہتمام ڈگری کورسیس کرنے والوں کو اسکالرشپ دی جاتی ہے اور وہ نہایت آسانی سے اپنی ڈگری بھی مکمل کرسکتے ہیں ۔ یہ باتیں جناب عبدالقدیر سکریٹری شاہین ادارہ جات بیدر نے خانگی کالجس کے ذمہ داران کے ساتھ ایک میٹنگ کے بعد بتاتے ہوئے طلباء سے استفادہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے مزید بتایاکہ ڈپٹی کمشنر بیدر ڈاکٹر پی سی جعفر کی خصوصی دلچسپی اور رہنمائی کے نتیجے میں یہ اقدام کیاجارہاہے جو ہندوستان بھر میں اپنی نوعیت کا پہلا قدم ہے۔ مختلف ہائی اسکولس کے صدرمعلمین اور سماجی کارکنان اہل طلباء کی رہنمائی فرماتے ہوئے 24مئی تک ڈی ڈی پی یو دفتر یا شاہین کالج بیدر سے فارم لے کر پرکرکے دے سکتے ہیں ۔ شاہین کالج میں معروف علی سے راست یاپھر 9449338143پر رابطہ کرسکتے ہیں ۔ ضلع بیدر کے جن 19خانگی کالجس میں طلباء داخلہ لینا چاہتے ہوں ان کی تفصیل اس طرح ہے۔ بی وی بی پی یو کالج ، بیدر(20نشستیں)، ودیا پی یوکالج بیدر (10نشستیں)، شاہین پی یوکالج بیدر(50نشستیں) ، سپتاگری پی یوکالج بید ر(10نشستیں)، آرآرکے پی یوکالج بیدر (10نشستیں)، مولانا آزاد پی یوکالج(شاہین) بیدر (30نشستیں)، وزڈم پی یوکالج بیدر (20نشستیں)، ماتامانکیشوری پی یوکالج بیدر (20نشستیں)، اقلیتی مرارجی دیسائی پی یورہائشی کالج بیدر (80نشستیں)، گنیان سدھا پی یوکالج بیدر (10نشستیں)اس طرح بیدر تعلقہ کے لئے 260طلبا کے لئے نشستیں رہیں گی ۔ ہمناآبادتعلقہ کے کالجس میں 50نشستوں کا انتظام کیاگیاہے جویوں ہے۔ شاہین پی یوکالج ہمناآباد (30نشستیں)، رام اینڈراج پی یوکالج ہمناآباد (10نشستیں)، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر پی یوکالج ہلی کھیڑ(بی) (10نشستیں)۔ اوراد تعلقہ کیلئے صرف20نشستوں کانظم ہے۔ امریشور پی یوکالج اوراد (بی) (10نشستیں) ، جئے بھوانی پی یوکالج سنت پور(10نشستیں)۔ بسواکلیان تعلقہ کے طلباء کے لئے 20نشستیں رہیں گی ۔ جو شیویوگی سدرامیشور پی یو کالج بسواکلیان میں ہوں گی ۔ بھالکی تعلقہ کے لئے جملہ 60نشستیں ہیں ۔ جو شیواجی پی یو کالج بھالکی (30نشستیں)، ڈائمنڈ پی یوکالج بھالکی (20نشستیں)، گرکل پی یوکالج ، کرڈیال تعلقہ بھالکی (10نشستیں)کے تحت جملہ 60نشستوں کانظم رہے گا۔