بیدر /30 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) چیف منسٹر سدرامیا کی زیر صدارت ریاستی حکومت میں ضلع بیدر سے کسی بھی رکن اسمبلی کو شامل نہیں کیا گیا ۔ گذشتہ 2 سال سے ضلع بیدر میں ترقیاتی کام ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں ۔ ریاست میں کانگریس حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد وزیر میڈیکل تعلیم ڈاکٹر شرن پرکاش پاٹل کو بیدر ضلع کا انچارج وزیر بنایا گیا اور چندی ہی دنوں میں ضلع انچارج وزیر کو تبدیل کرکے ریاستی وزیر کنڑا و کلچر وومنٹس اور چلڈرنس ویلفیر شریمتی اوما شری کو بیدر ضلع کا انچارج وزیر بنایا گیا ۔ اوما شری ضلع بیدر میں کوئی خاص سرکاری پروگرام ہوتا ہے تو ہی کچھ گھنٹوں کیلئے بیدر کا دورہ کرتی ہیں ۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ انہیں ضلع بیدر سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ کیونکہ وہ ضلع انچارج وزیر ہیں اسی لئے کبھی کبھی بیدر آتی ہیں ۔ اس سال بارش کے نہ ہونے سے ضلع بیدر میں سنگین خشک سالی حالات پیدا ہوئے ہیں ۔ ضلع میں کسان پریشان ہیں ۔ پینے کے پانی کا مسئلہ سنگین بن رہا ہے ۔ ضلع بیدر کی عوام کو یہ دشواری پیش آرہی ہے کہ وہ شکایت پیش کریں تو کس کے پاس ؟ دوسرے محکمہ جات کے وزراء کبھی بھی بیدر دورہ کرتے ہیں اور اپنے متعلقہ محکمہ تک ہی وہ محدود رہتے ہیں ۔ ضلع بیدر کی عوام کا یہ مطالبہ ہے کہ ریاستی کابینہ میں بیدر ضلع سے کسی ایک رکن اسمبلی کو شامل کرکے بیدر ضلع کا انچارج وزیر بنایا جائے ۔ لیکن چیف منسٹر کرناٹک مسٹر سدرامیا کابینہ میں توسیع کرنے تیار نہیں ہیں ۔ اگر یہی سلسلہ برقرار رہا تو ضلع بیدر کی ترقی قطعی ممکن نہیں ہے ۔ اس لئے چیف منسٹر سدرامیا کو چاہئے کہ ضلع بیدر کے مسائل سے واقفیت حاصل کرکے انہیں حل کرنے کی صلاحیت رکھنے والے کسی دوسرے وزیر کوہی کیوں نہ ہو ضلع بیدر کا انچارج بنایا جائے ۔ موسم گرما کا آغاز ہونے والا ہے ۔ ضلع کے دیہی علاقوں کے ساتھ ساتھ ٹاونس اور شہری علاقوں میں بھی پینے کے پانی کا مسئلہ سنگین بن سکتا ہے ۔ مزدور روزگار نہ ملنے کی وجہ سے نقل وطن کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔ مرکزی اور ریاستی حکومت اہم اسکیمات پر عمل آوری نہیں ہو رہی ہے ۔ مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار ضمانت اسکیم صرف سرکاری فائلوں تک ہی محدود ہے ۔ اس اسکیم کے تحت جاری ہونے والی کروڑہا روپئے رقومات کا خرد برد کیا جارہا ہے۔ حکومت کی اسکیمات پر صحیح طریقے سے عمل آوری ہو اور اسکیمات کا فائدہ عوام کو حاصل ہو اس کیلئے ضروری ہے کہ یا تو ضلع بیدر سے کسی ایک رکن اسمبلی کو کابینہ میں شامل کرکے بیدر ضلع انچارج وزیر بنایا جائے اگر یہ ممکن نہیں ہے تو پھر اوما شری کو تبدیل کرکے کسی دوسرے وزیر کو بیدر ضلع کا انچارج بنایا جائے ۔