ضلع ایس پی کی پریس کانفرنس

محبوب نگر ۔ 23 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرکاری اسکیمات میں کسی بھی قسم کی بدعنوانیوں پر کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار ضلع ایس پی وشوا پرساد نے اپنے دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے غریب دلت لڑکیوں کیشادی میں امداد کیلئے کلیان لکشمی اسکیم شروع کی گئی ہے ۔ جعلی دستاویزات کی تیاری اور پیشکشی کے ساتھ رقومات حاصل کرنے والے 4 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ ان افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے سخت ترین انتباہ دیا کہ حکومت کی اسکیمات شادی مبارک و دیگر فلاحی اسکیمات میں غبن کرنے والوں کو شدید کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ضلع میں 24 اپریل کو منعقد شدنی پولیس کانسٹبلس کی جائیدادوں پر بھرتی کیلئے امتحان منعقد ہورہا ہے جس میں تلبیس شخص اور نقل نویسی پر فوجداری مقدمات درج کئے جائیں گے ۔ ایک منٹ کی تاخیر سے آنے پر امتحان لکھنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی سرینواس راؤ ‘ ڈی ایس پی گدوال بالا کوٹی و دیگر موجود تھے ۔