عادل آباد۔/10ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع عادل آباد کی عدالت میں مخلوعہ 52جائیدادوں پر 18490 درخواستیں حاصل ہوئیں۔ عدالت کے آفس سب آڈنیٹ کی جائیدادوں پر تقررات کیلئے ساتویں جماعت کامیاب امیدواروں سے درخواستیں طلب کی گئی تھیں جس میں ساتویں جماعت کے علاوہ دسویں جماعت، انٹر میڈیٹ، ڈگری، پی جی، بی ٹیک، تعلیم یافتہ افراد بھی ملازمت حاصل کرنے کی خاطر اپنی درخواستیں بذریعہ پوسٹ اور کوریر کے ذریعہ داخل کرچکے ہیں۔ ضلع جج مسٹر گوپال کرشنا مورتی نے اپنے چیمبر میں میڈیا سے مخاطب ہوکر تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آفس سب آڈنیٹ کی 52 جائیدادوں پر ساتویں جماعت کے امیدواروں کا تقرر کیا جائے گا جو گارڈننگ، پکوان، کپڑوں کی صفائی اور ڈرائیونگ کا تجربہ رکھتے ہوں انہیں ملازمت کا موقع دیا جائے گا۔ ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق انٹرویوز کی تاریخ مقرر کی جائے گی۔ جاریہ ماہ کی 9تاریخ تک حاصل کردہ 18490 درخواستوں کی وصولی پر اظہار تعجب کرتے ہوئے ضلع جج مسٹر گوپال کرشنا مورتی نے سرکاری ملازمت کی اہمیت سے واقف کرایا۔ اس موقع پر مسٹر اجیت سمہا راؤ، راج کمار جج بھی موجود تھے۔