ضلعی سطح کے اخبارات معاشی مسائل سے دوچار

گلبرگہ 29 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع گلبرگہ کے روزناموں کے مدیران کی اسو سی ایشن کے عہدہ داران نے بنگلور میں ضلع نگران وزیر گلبرگہ الحاج قمر الاسلام اور ریاستی پریس اسو سی ایشن کے صدر پی ایم منور کی قیادت میں وزیر اعلیٰ کرناتک مسٹر سدرامیا سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔ان مدیران نے اپنے اخبارات کے مختلف مسائل کی یکسوئی کے لئے ایک یادداشت چیف منسٹر کو پیش کی ۔ اسو سی ایشن کے ذمہ داران نے کہا کہ انھوں نے اپنی ساری زندگی سماج کے لئے وقف کردی ہے لیکن حکومت کی جانب سے ان کی زندگیوں میں سدھا ر لانے کے لئے کوئی بھی قدم نہیں اٹھایا گیا ۔ ان اخبارات کو مناسب سرکاری اشتہارات بھی نہیں مل رہے ہیں ۔ ضلعی سطح کے اخبارات کو اپنی اشاعت کے لئے معاشی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ حکومت اقوام درج فہرست و قبائل درج فہرست سے تعلق رکھنے والے اخبارات کے مدیران کو ہر ماہ ایک صفحہ کا اشتہار جاری کرکے ان کی مالی مدد کررہی ہے ۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ دیگر طبقات سے تعلق رکھنے والے اخبارات کو بھی مناسب اشتہارات جاری کرتے ہوئے مالی مدد کے لئے آگے بڑھے ۔ مدیران اخبارات نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کو عوام تک پہنچانے میں ضلعی اخبارات نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے ۔ اس وفد میں بیدر ، گلبرگہ ، بیلگام بیجاپور ، باگل کوٹ ، داونگیرا، چتر درگا اور دیگر اضلاع کے مدیران کے علاوہ جنرل سیریٹری سدو سی بیدار، خازن شرنو جڈگا، بیدر کے شیو شرن اپا والی ، سدو سوامی ، گنا شیکھر سوامی ، گرو راج کلکرنی ، سدھو یر ہلی ۔ عزیز اللہ سرمست ، کے کے کلکرنی ، لکشمی پاٹل ، منجوناتھ نے بھی شرکت کی ۔