نئی دہلی ۔ /31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج دعوی کیا کہ ایک سرگرم وزیراعظم اپنے ساتھیوں کے لئے کوئی چیلنج نہیں ہوتا اور کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے ان پر کوئی پابندی عائد نہیں کئے ہیں بلکہ وہ (سشما سواراج خود ضرورت سے زیادہ سرگرمی کے مظاہرہ اور تشہیر سے دور رہنے کیلئے عام طور پر خاموش اور کام تک محدود رہتے ہوئے ’’لو پروفائیل‘‘ کو ترجیح دے رہی ہیں ۔ سشما سوراج نے خارجہ پالیسی کے محاذ پر گزشتہ ایک سال کے دوران این ڈی اے حکومت کی کامیابیاں بیان کرنے کیلئے طلب کردہ پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ خود غیر ضروری تشہیر اور ضرورت سے زیادہ سرگرم رہنے کے بجائے ’لوپروفائیل‘ برقرار رکھنے کو ترجیح دے رہی ہیں ۔کیونکہ ان کے عہدہ کے لئے یہی زیادہ موزوں ہے ۔ سشما سواراج سے سوال کیا گیا تھا کہ آیا وزیراعظم مودی کا غیر معمولی سرگرم رویہ کہیں ان کے لئے چیلنج تو نہیں ہے ؟ انہوں نے جواب دیا کہ’’ ایک سرگرم وزیراعظم اپنے ساتھیوں کے لئے چیلنج نہیں بلکہ معاون و مددگار ہوتا ہے ‘‘ ۔سشما سواراج نے کہا کہ ’’ایک ٹیم کے ارکان کے درمیان نمبر ایک ، دو یا تین کیلئے کوئی مسابقت نہیں ہوگی ۔ ٹیم مشترکہ طور پر کام کرتی ہے ۔ مسابقت کو ٹیم کے ارکان میں نہیں بلکہ حریف ٹیموں سے ہوتی ہے ۔ میری ٹیم کے تمام ارکان نمبر ایک کی حیثیت سے کام کررہے ہیں اور ان کا کام بہترین ہے ‘‘ ۔