ضبط کردہ 3500 ٹن سرخ صندل کی لکڑی کا ہراج

حیدرآباد۔ 6 مئی (پی ٹی آئی) حکومت آندھراپردیش نے آج فیصلہ کیا ہیکہ ضبط شدہ 3500 ٹن سرخ صندل کی لکڑی کو ہراج کیا جائے گا۔ عالمی ٹنڈرس کی تبدیلی کے ذریعہ الیکٹرانک پلیٹ فارم پر یہ ہراج ہوگا۔ سرکاری جی او جاری کردیا گیا ہے اور ٹنڈر کمیٹی کی سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد ہی فیصلہ کیاگیا ہے۔ ڈائرکٹر جنرل وارنٹ ٹریڈ نے قبل ازیں حکومت کو اجازت دیتے ہوئے اعلامیہ جاری کیا تھا کہ وہ 8584 ٹن سرخ صندل کا ہراج کرے۔ حکومت نے اے بی سی زمروں کے تحت شرح مقرر کی ہے۔ سی گریڈ لکڑی کو 12 لاکھ روپئے فی ٹن، بی گریڈ لکڑی کو 20 لاکھ روپئے فی ٹن اور اے گریڈ صندل کی لکڑی کو 20 لاکھ روپئے فی ٹن مقرر کیا گیا ہے۔

ستیم کیس کی آج سماعت
حیدرآباد ۔ 6 مئی (پی ٹی آئی) ستیم کمپیوٹر کے بانی بی راما لنگاراجو اور دیگر 9 کی جانب سے داخل کردہ اپیلوں کی کل مقامی عدالت میں سماعت ہوگی۔ انہوں نے ملٹی کروڑ کی دھوکہ دہی کیس میں دی گئی سزاء کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ میٹرو پولیٹن سیشن جج کے سامنے کل اس کیس کی سماعت ہوگی اور یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ ضمانت منظور کی جائے یا نہیں۔