ضامن روزگار اسکیم پر عمل آوری میں ضلع عادل آباد سرفہرست

عادل آباد ۔ 28 ۔ جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مہاتما گاندھی قومی طمانیت روزگار اسکیم عمل اوری پر ضلع عادل آباد کو ملک کی سطح پر اول مقام حاصل ہونے پر ضلع کلکٹر مسٹر احمد بابو نے ضلعی عوام کو جہاں ایک طرف مبارکباد پیش کی وہیں دوسری طرف مستقر کے کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں پرہجوم میڈیا نے صلع کلکٹر کی کارکردگی کو قابل مبارک قرار دیا ۔ 2 فروری کو ضلع کلکٹر مسٹر احمد بابو ، ڈوموا پراجکٹ ڈائرکٹر مسٹر ونئے کرشنا ریڈی ، وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے بدست دہلی کرشی بھون میں ایوارڈ حاصل کریں گے جس کیلئے وہ یکم فروری کو حیدرآباد سے دہلی روانہ ہورہے ہیں۔ ضلع کلکٹر نے پرہجوم میڈیا سے مخاطب ہوکر تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ ضلع کے 52 منڈل جات 866 گرام پنچایتوں میں مختلف طرز کے 26 کاموں کا آغاز کیا گیا تھا جن میں 22 کام مقامی افراد کی مرضی کے مطابق انجام دیئے گئے ہیں۔ ضلع میں مہاتما گاندھی طمانیت روزگار اسکیم کے تحت 149 روپئے یومیہ اجرت فراہم کرتے ہوئے ایک سال کے دوران 100 یومیہ بے روزگار افراد کو کام فراہم کیا جارہا ہے۔

ضلع میں 30 اعلیٰ عہدیداروں و دیگر مختلف محکمہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد کی کمی کے باوجود ایک عہدیدار پر زائد ذمہ داریاں عائد کی گئی ہیں جس کی بناء پر عہدیدار 16 گھنٹہ تقریباً اپنی ذمہ داری انجام دے رہے ہیں۔ صلع کلکٹر نے ضلعی کے تمام عہدیداروں کے تعاون پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یومیہ اجرت حاصل کرنے والے افراد کو جاب کارڈ جاری کرنے کے علاوہ کسی بھی طرح کے تغلب و تصرف سے بچنے کی خاطر آن لائین اکاؤنٹ قائم کرتے ہوئے رقم ادا کی جارہی ہے ۔ صلع کے 14 منڈل جات میں فیڈریشن کا قیام عمل میں لایا گیا جس کے تحت مقامی عوام کی دلچسپی کے پیش نظر بنیادی ضرورتوں کی تکمیل کی خاطر تعمیراتی کام انجام دیئے جارہے ہیں۔ طاقت روزگار اسکیم کے تحت ضلع میں 1552 کروڑ روپیوں کے صرفہ 259753 محتلف کاموں کو انجام دیا گیا ۔ ضلع عادل آباد کے بیشتر مقامات کے افراد کو روزگار فراہم کرنے جاب کارڈ فراہم کئے گئے جن میں 532874 جاب کارڈ افراد کے 382541 افراد کے خاندانوں کو روزگار فراہم کیا گیا ۔

مہاتما گاندھی قومی طمانیت روزگار اسکیم عمل آوری کا جائزہ لینے کی خاطر مرکزی حکومت سے ایک وفد جاریہ ماہ کی 16 تا 18 تاریخ کے دوران رچوڑہ ، نرڈگنڈہ ، اندرویلی ، اوٹنور ، جئے نور، جنارم ، ڈنڈے پلی منڈل جات کے مختلف مواضعات کا تفصیلی مشاہدہ کیا اوراپنی جانب سے اطمینان بخش رپورٹ پیش کرنے کے بعد نہ صرف ریاستی سطح پر بلکہ ملک کی سطح پر ضلع عادل آباد کو اول مقام حاصل ہوا۔ محکمہ دیہی ترقیات حکومت ہند کرشی بھون نئی دہلی کے جوائنٹ سکریٹری کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے تحت ریاست میں ضلع عادل آباد کے علاوہ چھتیس گڑھ ، گجرات، ہماچل پردیش، مدھیہ پردیش، میگھالیہ ، پنجاب، راجستھان ، سکم ، ٹاملناڈو ، مغربی بنگال ریاست کے ایک ایک صلع کو بھی منتخب کیا گیا۔