ضابطہ اخلاق کی پابندی سے پُرامن انتخابات

کریم نگر۔ /2اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کریم نگر میں اسمبلی و پارلیمنٹ انتخابات کے پرامن طور پر انعقاد کیلئے تمام سیاسی پارٹیوں کے قائدین سے تعاون کرنے کی کلکٹر ایم ویرا برہمیا نے خواہش کی۔ منگل کو کلکٹریٹ میں عام انتخابات پر تمام سیاسی قائدین کے ساتھ کل جماعتی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چہارشنبہ تا 9اپریل پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا وقت رہے گا، نامزدگیاں قبول کی جائیں گی۔ ضلع میں 31جنوری تک 27,43,655ووٹرس ہیں اور نئے ووٹرس 66089 کا اندراج ہوا ہے۔

موجودہ طور پر ضلع میں 28,09,744 ووٹرس ہیں۔ ضلع میں 3419 پولنگ مراکز ہیں۔ پرچہ نامزدگی صبح 11بجے تا دوپہر 3بجے تک داخل کرسکتے ہیں۔ پولنگ سے دو دن قبل ووٹرس کو پول سلپس تقسیم کئے جائیں گے۔ اسمبلی کیلئے مقابلہ میں موجود امیدواروں کے لئے 28لاکھ، پارلیمنٹ کے امیدواروں کے لئے 70لاکھ تک انتخابات میں خرچ کرنے کی اجازت ہے۔ مقابلہ میں موجود امیدوار انتخابات کے احکامات کے مطابق تشہیر کرکے تعاون کریں۔اس اجلاس میں ضلع ایس پی شیوا کمار، جوائنٹ کلکٹر سرفراز احمد، کانگریس پارٹی کی جانب سے ایم سوامی ناتھ چاریولو، سی پی آئی پارٹی کی جانب سے پیڈلی پلی راجو، تلگودیشم پارٹی کی جانب سے آگیا، بی جے پی کی جانب سے کے وینوگوپال، ٹی آر ایس کی جانب سے جی وی راما کرشنا راو، بی ایس پی پارٹی کی جانب سے بالاکشن و دیگر نے شرکت کی۔