ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے ملزم سری راملو کی خودسپردگی

بیلاری 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک کے سابق وزیر بی سری راملو جو بیلاری لوک سبھا حلقہ سے مقابلہ کیلئے حال ہی میں بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں انہوں نے آج خود کو عدالت میں خودسپرگی کردی ۔ عدالت نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی گذشتہ سال اسمبلی انتخابات کے دوران خلاف ورزی کی بناء پر ان کا نا قابل ضمانت وارنٹ جاری کیا تھا۔ سری راملو فرسٹ کلاس جوڈیشیل مجسٹریٹ کے اجلاس پر حاضر ہوئے اور انہیں نوٹس جاری کئے جانے کے باوجود قبل ازیں غیر حاضری کیلئے معذرت خواہی کی ۔ ان پر گذشتہ سال مئی میں اسمبلی انتخابات کے دوران مقررہ مدت کے بعد بھی انتخابی مہم چلاتے ہوئے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے جرم میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس کے بعد عدالت نے سری راملو کو نوٹس روانہ کی تھی ۔ سری راملو کی آج عدالت میں حاضری کے بعد مجسٹریٹ زرینہ نے ان کی ضمانت منظور کردی۔ سری راملو ماضی میں کانکنی کی صنعت کے نامور شخص جناردھن ریڈی کے قریبی ساتھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے پہلے بی ایس آر کانگریس کے بی جے پی میں انضمام کا اعلان کیا تھا لیکن بی جے پی قائد سشما سواراج نے اس کی برسر عام مخالفت کی اس کے بعد سری راملو نے اکیلے ہی بھگوا پارٹی میں شرکت اختیار کرلی ۔