صوفی خانقاہ داتا دربار دھماکہ : ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی

لاہور ۔ 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی قدیم ترین صوفی خانقاہ داتا دربار کے باہر ہوئے خودکش حملہ میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 11 ہوگئی۔ قبل ازیں شدید طور پر زخمی ایک پولیس اہلکار دوران علاج زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ کہا جارہا ہیکہ مقدس ماہ رمضان المبارک میں یہ حملہ ایک کمسن نوجوان طالبان نے انجام دیا جس نے خانقاہ کے باہر خود کو دھماکہ سے اڑا لیا۔ یاد رہیکہ داتا دربار گیارہویں صدی کی صوفی خانقاہ ہے جہاں پر دنیا کے کونے کونے سے لوگ حاضر ہوتے ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی ایک کمسن نوجوان کو سیاہ شلوار قمیض پہنے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس نے اپنی کمر پر ایک بیلٹ باندھ رکھا ہے۔ کمسن نوجوان پولیس اہلکاروں کی کار کے قریب پہنچا اور خود کو دھماکہ سے اڑا لیا جس کی عمر تقریباً 15 سال بتائی گئی ہے۔ لاہور پولیس کے ترجمان سید مبشر نے میڈیا کو یہ بات بتائی۔