صنفی تناسب میں انحطاط پر وزیراعظم کو تشویش

نئی دہلی ۔ 28جون ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے آج ملک کے 100اضلاع میں صنفی تناسب میں انحطاط پر اظہار تشویش کیا اور کہا کہ ہریانہ میں صورتحال ’’ سنگین‘‘ ہے ۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعہ بچیوں کو بچانے کی مہم چلانے پر زور دیا ۔ اپنے ماہانہ ’’ من کی بات ‘‘ ریڈیو پروگرام پر انہوں نے چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے کو گھیرے ہوئے تنازعات جو للت مودی مسئلہ کے سلسلہ میں ہے کوئی سیاسی بیان دینے سے گریز کیا ۔ انہوں نے حال ہی میں آغاز کردہ تین سماجی ‘ صیانتی اسکیموں اور دیگر ترقیاتی اسکیموں بشمول 2022ء تک ہر ایک کیلئے مکان اور 21جون کو یوم یوگا تقاریب کا تذکرہ کیا ۔ انہوں نے زور دیا کہ پانی کی بچت اور ماحولیات کے تحفظ کیلئے شجر کاری بیحد ضروری ہے ۔ اپنے 20منٹ کے پروگرام میں مودی نے ’’ بیٹی بچاؤ ‘ بیٹی پڑھاؤ ‘‘ اسکیم پر زور دیا جو حکومت کی جانب سے شروع کی گئی ہے ۔ اس پس منظر میں انہوں نے تذکرہ کیا کہ بی بی پور دیہات ہریانہ کے ایک سرپنچ سنیل جگلان میں بیٹی کے ساتھ سیلفی مہم کا آغاز کیا ہے ۔ ایک مقابلہ بھی منعقد کیا جائے گا جس میںوالدین اپنی بیٹیوں کے ساتھ اپنی تصویریں شائع کریں گے ۔ اس اقدام کی ستائش کرتے ہوئے اور ’’ بچی کو بچاؤ‘‘ مہم پر زور دیتے ہوئے مودی نے تمام والدین پر زور دیا کہ اپنی بیٹیوں کیساتھ تصاویر انہیں روانہ کریں ‘ وہ اچھی تصویروں کو اپنے ٹوئیٹر پر شائع کریں گے ۔