صنعت کاروں کو تمام تر سہولتوں کی فراہمی کا وعدہ

ظہیرآباد ۔ /22اپریل ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج یہاں مہیندرا اینڈ مہیندرا لمیٹیڈ کے توسیعی پلانٹ کا رسم افتتاح انجام دینے کے بعد اس ضمن میں منعقدہ پروگرام کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے تیقن دیا کہ ریاستی حکومت تلنگانہ میں صنعتوں کے قیام کیلئے صنعت کاروں کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم کرے گی۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت، صنعت کاروں کو اراضی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ پانی و برقی کی موثر سربراہی نیز دیگر سہولتوں کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کرے گی۔ انہوں نے حیدرآباد میں 100یو ایس ڈالر کی لاگت سے قائم کئے جانے والے SAMSUN پلانٹ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ الیکٹرانک پلانٹ کے قیام سے روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔ انہوں نے ریاست تلنگانہ کو بدعنوانیوں سے پاک ریاست بنانے کے اپنے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت، ریاست تلنگانہ کو ترقی کی سمت گامزن کرنے والوں کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ضلع میدک کی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے گی اور اس ضلع میں مشن کاکتیہ کے تحت جاری کاموں کا جائزہ لینے کیلئے وہ خود خصوصی طور پر ضلع میدک کا دو روزہ دورہ کریں گے۔ انہوں نے موضع بچفلیکے قریب 100ایکر اراضی پر محیط صنعتی پارک میں مزید صنعتوں کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات کرنے کا بھی یقین دلایا۔ انہوں نے پیشرو حکومت کی جانب سے منظورہ آئی ٹی آئی اور اردو میڈیم ڈی ایڈ کالج کو عملی جامہ پہنانے کے لئے فنڈ جاری کرنے کا بھی تیقن دیا۔

انہوں نے مہیندرا اینڈ مہیندرا کی جانب سے 100کروڑ روپئے کے اشتراک سے قائم کئے جانے والے اِسکل ڈیولپمنٹ سنٹر کو تعلیم یافتہ بیروزگاروں میں صنعتی مہارت پیدا کرنے کا اہم ذریعہ قرار دیا اور کہا کہ اس سنٹر سے فارغ التحصیل نوجوانوں کو صنعتوں میں روزگار کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مقامی صنعتوں میں مقامی تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی میں ترجیح دینے کی ضرورت ظاہر کی اور انتظامیہ سے خواہش کی کہ وہ اس ضمن میں عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے تلنگانہ میں ترقیاتی کاموں کی انجام دہی میں طوالت سے کام لینے کا آندھرائی قائدین پر الزام عائد کیا اور کہا کہ منظورہ ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھے جانے کے باوجود ان کی تکمیل کے لئے کئی برس لگ جاتے تھے۔ انہوں نے حلقہ اسمبلی ظہیرآباد میں پیشرو حکومت کی جانب سے منظورہ کاموں کی تکمیل کے لئے فنڈ جاری کرنے کا تیقن بھی دیا۔ رکن اسمبلی ظہیرآباد ڈاکٹر جے گیتا ریڈی نے میونسپلٹی ظہیرآباد میں ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کیلئے 2کروڑ روپئے منظور کرنے کے علاوہ 220KV سب اسٹیشن کے قیام کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مقامی صنعتوں میں 80فیصد مقامی نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے سلسلہ میں انتظامیہ کو پابند کرنے کی جانب چیف منسٹر کی توجہ مبذول کروائی۔

ایگزیکیٹو ڈائرکٹر مہیندرا اینڈ مہیندرا ڈاکٹر پون گوئنگا نے انکشاف کیا کہ 250 کروڑ روپئے کی لاگت سے قائم توسیعی پلانٹ میں سالانہ 92ہزار موٹر گاڑیاں تیار کرنے کی گنجائش ہے جبکہ تمام پلانٹس میں سالانہ 1,40,000 موٹر گاڑیاں تیار کی جاتی ہیں۔ انہوں نے مذکورہ پلانٹ کے قیام سے سینکڑوں نوجوانوں کو روزگار فراہم ہونے کی قوی امید ظاہر کی۔ چیف ایگزیکیٹو مسٹر پروین شاہ نے یاد دلایا کہ مہیندرا نے مستقر ظہیرآباد میں2013ء میں اپنا ٹریکٹر پلانٹ کا قیام عمل میں لایا تھا جس میں ہرماہ 3500 ٹریکٹرس تیار ہورہے ہیں۔ اس موقع پر ریاستی وزراء ٹی ہریش راؤ، جوپلی کرشنا راؤ، ریاستی اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی، صدر نشین ریاستی کونسل مسٹر سوامی گوڑ، رکن پارلیمنٹ بی بی پاٹل، رکن اسمبلی سنگاریڈی پربھاکر، سابق ریاستی وزیر محمد فرید الدین، سابق ایم ایل اے سی باگنا، سابق صدر نشین بلدیہ مکال سبھاش، مرلی کرشنا گوڑ، سابق منڈل پریسیڈنٹ ڈی لکشمی ریڈی اور دیگر موجود تھے۔ قبل ازیں چیف منسٹر نے توسیعی پلانٹ کا معائنہ کیا۔