حیدرآباد ۔ /5 ستمبر (سیاست نیوز) صنعت نگر کے علاقے بھرت نگر فلائی اوور کے قریب ایک نامعلوم شخص کی نعش دستیاب ہونے سے سنسنی پھیل گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ میٹرو اسٹیشن پلر نمبر 21 کے قریب آج جی ایچ ایم سی عملہ صفائی کے کام میں مصروف تھا کہ ایک نامعلوم شخص کی نعش دستیاب ہوئی ۔ پولیس صنعت نگر موقعہ واردات پر پہنچ کر سراغ رسانی دستہ کلوز ٹیم کو طلب کرلیا اور نعش کو گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کیا ۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ نعش پر کئی زخم موجود ہیں اور شبہ کیا جارہا ہے کہ قتل کرنے کے بعد اس شخص کی نعش کو کچرے کے انبار میں پھینک دیا گیا تھا ۔ صنعت نگر پولیس نے اس سلسلے میں قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔