حیدرآباد 2 اکٹوبر ( سیاست نیوز) صنعت نگر میں این آر آئی شخص کا قتل کردیا گیا ۔ 37سالہ عبدالرفیق جو سعودی میں ملازمت کرتاتھا ۔ گذشتہ روز اپنے مکان میں مشتبہ طور پر زخمی پایا گیا ۔ اس شخص کی بیوی لاپتہ بتائی گئی ہے ۔ شدید زخمی حالت میں رفیق کو رشتہ داروں نے ہاسپٹل منتقل کیا جہاں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ اطلاع کے ساتھ ہی ایس آر نگر پولیس مقام واردات پہنچ گئی اور ابتدائی تحقیقات کے بعد ایم اے رفیق کی موت کو قتل قرار دیا ۔ اس سلسلہ میں انسپکٹر ایس آر نگر مسٹر وحید الدین نے بتایا کہ رفیق کیلاش نگر میں رہتا تھا ۔ وہ 9 دن قبل حیدرآباد آیا تھا ۔ وہ مکان میں اپنی بیوی کے ساتھ رہتا تھا جو فی الحال لاپتہ بتائی گئی ہے ۔ رفیق اور شینور کی شادی مارچ 2015 میں ہوئی تھی ۔ کل صبح ناشتہ میں تاخیر پر اس کا بھتیجا پہونچا تو گھر میں رفیق تنہا اور زخمی پایا گیا ۔ رفیق کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ انسپکٹر نے بتایا کہ رفیق کے سرپر وزنی شئے سے حملہ کیا گیا ۔ بیوی کے لاپتہ ہونے پر پولیس نے خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیتے ہوئے اس کی کی تلاش شروع کردی ہے ۔