صنعا۔29 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) گذشتہ دو ماہ سے یمن کے دالحکومت اور اہم سرکاری تنصیبات کا گھیراؤ کرنے والے حوثی شدت پسند باغیوں نے دھرنا ختم کر دیا ہے جس کے بعد صنعا شہر میں حالات معمول پر آنا شروع ہو گئے ہیں۔ حوثی عسکریت پسند تنظیم ’’انصار اللہ‘‘ کے زیر انتظام دھرنے منظم کرنے کیلئے قائم کردہ کمیٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت اور حوثیوں کے درمیان معاہدہ طے پانے کے بعد انہوں نے دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بیان کے مطابق حوثی مظاہرین کے مطالبات پورے ہو گئے ہیں۔ دھرنے اور ملین مارچ کے مقاصد پورے ہونے کے بعد اب شرکا کو گھروں کو لوٹنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ دارالحکومت صنعا کے اہم مراکز اور سرکاری تنصیبات کا گھیراؤ کرنے والے حوثی بندوق برداروں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ سرکاری دفاتر کا قبضہ چھوڑ دیں۔ حوثیوں کی اسی دھرنا کمیٹی نے چند روز پیشتر اپنے مطالبات میں شدت لانے کیلئے اہم حکومتی تنصیبات پر یلغار کرنے اور صنعاکے تمام داخلی و خارجی راستوں پر دھرنوں کا اعلان کیا تھا۔