صنعا ۔27 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) یمنی فوجیوں نے دارالحکومت صنعا سے اغوا کئے گئے اقوام متحدہ کے عملے کے ایک رکن اطالوی سفارت کار اور اس کے ڈرائیور کو رہا کرا لیا ہے۔ یمنی پولیس کے ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ اغوا کاروں کا سراغ لگا لیا گیا تھا اور انھوں نے صنعا سے شمال مشرق میں ایک مکان میں ان دونوں کو رکھا ہوا تھا۔ اطالوی سفارت کار اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کا ملازم ہے اور اس کی صحت بہتر بتائی گئی ہے۔ اس یمنی عہدیدار کے مطابق اغوا کاروں کو دارالحکومت صنعا کے نواح میں ایک چیک پوائنٹ پر روک لیا گیا تھا۔ انھیں گرفتارکرکے یرغمالیوں کو رہا کرا لیا گیا ہے۔ اس ذریعے نے اغوا کاروں کی شناخت نہیں بتائی۔
شام میں سرحد پار کارروائی کر سکتے ہیں : ترک وزیر خارجہ
انقرہ ۔ 27 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ترکی نے خبردار کیا ہے کہ ملکی سلامتی کو درپیش خطرات کی وجہ شام میں سرحد پار کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔ ترک وزیر خارجہ احمد داؤد اگلو نے کہا کہ ترکی مضبوط ملک ہے اور ملکی سلامتی کے تحفظ کیلئے کوئی قدم اٹھانے سے نہیں ہچکچائے گا۔ انھوں نے کہا کہ شامی حکومت یا کوئی بھی باغی گروہ انقرہ حکومت کے عزم کو چیلنج نہ کرے۔