صنعاپر فضائی حملوں میں 45ہلاکتیں

صنعا۔7جون ( سیاست ڈاٹ کام ) یمن کے دارالحکومت صنعا پر سعودی عرب زیر قیادت فضائی حملوں میں کم از کم 45 افراد بشمول 20شہری ہلاک ہوگئے ۔ جب کہ صنعا میں آج علی الصبح فوجی ہیڈ کوارٹر پر فضائی حملے کئے گئے ۔ ذرائع ابلاغ کی اطلاع کے بموجب کم از کم 20شہری اور 25فوجی و فوجی عہدیدار ہلاک کردیئے گئے ۔ باغیوں کے ہیڈ کوارٹر پر رہائشی علاقہ کے مضافات تحریر پر جو وسطی صنعا میں واقع ہے ‘ سعودی زیر قیادت اتحادی افواج نے فضائی حملے کئے ۔ ہسپتال کے عملہ کے بموجب رہائشی علاقہ پر ان فضائی حملوں سے کم از کم پانچ مکان مکمل طور پر تباہ ہوگئے ۔ عینی شاہدین کے بموجب باغیوں کے زیر کنٹرول صنعا خبررساں ادارہ نے اطلاع دی ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 44 اور زخمیوں کی تعداد 100سے زیادہ ہے ۔ جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ۔ سعودی زیر قیادت اتحاد افواج نے پورے یمن میں آج فوجی حملے کئے ۔ یہ حملے حوثی باغیوں کے مورچوں پر کئے گئے تھے ۔ علاوہ ازیں سابق صدر علی عبداللہ صالح کی وفادار فوج کے اڈے بھی فضائی حملوں کا نشانہ بنیں۔ سعودی زیر قیادت اتحادی فوج کے حملے شروع ہوکر کم از کم دو ماہ ہوچکے ہیں ۔درمیان میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا ۔