صنعاء پر سعودی عرب کی بمباری ، ہزاروں بے گھر

صنعا ۔ 20 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے زیر قیادت اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمنی دارالحکومت میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر اپنے فضائی حملوں میں ان سے مزید شدت پیدا کی ہے جس کے ساتھ ہی کشیدگی اور بڑھ گئی ہے اور پانچ لاکھ سے زائد افراد یمنی شہریوں کو بے گھر کرنے والی اس لڑائی کے خاتمہ کے لئے کی جانے والی سیاسی مساعی بے سود ثابت ہوگئی ہے ۔ ایران کے تائید یافتہ حوثیوں کے خلاف عرب اتحاد نے 26 مارچ سے فضائی حملوں کا آغاز کیا تھا تاکہ عدن پر حوثیوں کے قبضہ کے بعد ریاض کو فرار ہونے والے یمنی صدر عبدالربو منصور ہادی کا اقتدار بحال کیا جاسکے۔ انسانی بنیادوں پر نافذ کردہ پانچ روزہ جنگ بندی کے اختتام کے بعد سعودی اتحادنے شیعہ باغیوں پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے بشمول دارالحکومت صنعاء کئی شہروں پر بمباری کا آغاز کیا ہے ۔ مقامی افراد نے کہا کہ صنعاء میں لگاتار دوسرے روز بھی سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے باغیوں کے زیر کنٹرول اسلحہ کے گوداموں کو شدید بمباری کا نشانہ بنایا جس کے نتیجہ میں اکثر علاقے خوفناک دھماکوں سے دہل گئے اور دور دور تک لرزہ خیز آوازیں سنائی دی گئیں۔ سعودی عرب کے فضائی حملوں کے سبب ہزاروں یمنی خاندان خوف و دہشت کی حالت میں اپنے گھر چھوڑ کر فرار ہوگئے ہیں۔