صندل کے اسمگلروں کی مدد، آر ٹی سی کے 11 ڈرائیورس گرفتار

حیدرآباد 2 ڈسمبر (پی ٹی آئی) آندھراپردیش روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (اے پی ایس آر ٹی سی) کے 11 ڈرائیوروں اور ٹاملناڈو سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کو آج ضلع کڑپہ میں گرفتار کرلیا گیا جو مبینہ طور پر قیمتی سرخ صندل کی ناجائز منتقلی کے عمل میں اسمگلروں کی مدد کررہے تھے۔ پولیس نے کہاکہ سرخ صندل کی غیر قانونی منتقلی کے خلاف کڑپہ ضلع پولیس نے خصوصی مہم شروع کی تھی۔ اِس دوران پتہ چلا تھا کہ اے پی ایس آر ٹی سی کے ڈرائیورس مزدوروں کو لانے کے کام میں اسمگلروں کی مدد کررہے تھے اور یہ مزدور صندل کے درخت کاٹنے کے لئے استعمال کئے جارہے تھے۔ راجم پیٹ پولیس نے نندیال ڈپو سے تعلق رکھنے والے آر ٹی سی ڈرائیورس کو گرفتار کرلیا جنھوں نے صندل کے اسمگلروں سے سازباز کی تھی اور وہ چینائی کے کوئمبیڑو بس اسٹانڈ سے اِن مزدوروں کو راجم پیٹ اور ریلویکڈور جنگلاتی علاقہ کو منتقل کیا کرتے تھے۔ نندیال ڈپو کے ایک ڈرائیور سید اکبر حسین نے اس ساز باز میں اہم رول ادا کیا۔ اس نے مزدوروں کی منتقلی کے لئے فی کس ایک ہزار روپئے وصول کیا۔ مزید ڈرائیورس کی گرفتاری کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔